اسلام آباد(طارق محمودسمیر) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بدستوراحتجاجی سیاست پر عمل پیراہیں،اب انہوں نے 9 نومبر کو صوابی میں احتجاج کی کال دے
دی،راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی عائد کی گئی تھی، دوبارہ ایساکیا گیا تو ہماراپلان تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں موجودہ حکومت سے جان چھڑانی ہوگی، ملک میں آئین توڑا گیا، ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، فارم 47 کی حکومت سے ہمیں چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اب ہم سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواجو طرزسیاست اپنارکھاہے یقیناًیہ ان کے منصب کے تقاضوں کے برخلاف ہے اور ا س سے وفاق اور خبیرپختونخوامیں محاذآرائی مزیدشدت اختیارکرے گی ،علی امین گنڈاپور وفاق کے خلاف جارحانہ اقدامات اور دھمکی آمیز بیانات سے پارٹی کارکنوں میں تو مقبولیت حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس غیرذمہ دارانہ بیان بازی سے ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے چنانچہ وقت اور حالات کا یہی تقاضا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو اپنے منصب کے تقاضوں کااحساس کرتے ہوئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہئے ، اگر ان کے وفاق یااداروں سے کوئی اختلافات بھی ہیں تو اس کے لیے متعلقہ فورمز موجود ہیں جنہیں بروئے کارلایاجاناچاہئے ،خاص طور پر سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیاجانا چاہئے، سیاسی اختلافات کے باوجود وفاق اور صوبہ خیبرپختونخوا کے درمیان محاذ آرائی جیسی کیفیت نہیں پیدا ہونی چاہئے اور صوبائی اور قومی معاملات پر تعاون کی فضا برقرار رہنی چاہئے ، وفاق کی اکائی کے طور پر اور عوام کی بہتری کیلیے کیپی حکومت کو وفاقی حکومت سے اچھے تعلقات قائم رکھنے چاہئیں ،خدانخواستہ اگر خیبرپختونخوا حکومت اور وفاق کے درمیا ن کسی طرح کی بھی محاذ آرائی جیسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو اس سے جہاں صوبے میں ترقی کا عمل متاثر ہوگا وہیں ملک کی داخلی سلامتی کے لیے بھی شدید نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، ادھر جوڈیشل کمیشن کیلیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب نامزد کیے گئے ہیں۔ سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کیلیے فاروق نائیک اور شبلی فراز نامزد، سپیکر قومی اسمبلی نے خاتون نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کردیا ،تمام نامزدگیاں سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں ،اس سے پہلے مسلم لیگ ن کی طرف سے عرفان صدیقی کو نامزدکئے جانے کی قیاس آرائیاں ہورہی تھیں لیکن عین موقع پر سینیٹ سے پی پی کے رکن فاروق نائیک کو نام بھجوایاگیا جب کہ قومی اسمبلی سے مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب احمدکانام بجھوایاگیا ،شیخ آفتا ب این اے 49 اٹک سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ہیں ان کاشمارن لیگی قیادت کے قریبی لوگوںمیں ہوتا ہے جب کہ پارٹی کے لیے بھی ان کی اہم خدمات ہیں، سپیکر قومی اسمبلی خاتون نشست پر روشن خورشید بھروچا کو نامزد کیا وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرتی ہیں اور ان کی سیاسی سرگرمیاں خاص طور پر خواتین کے حقوق اور سماجی انصاف کے مسائل پر مرکوز ہیں ،روشن خورشید بھروچا کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور وہ پاکستان میں پارسی برادری کی ممبر ہے، روشن خورشید بھروچا نے نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ، کشمیر امور اور گلگت بلتستان ، ریاستوں اور سرحدی علاقوں ، ریلوے اور پوسٹل خدمات کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
تجزیہ
احتجاج کال:کے پی ،وفاق کشیدگی مزید بڑھنے کاامکان








