بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صوبوں پرریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 239(4) کا متبادل نہیں، رضا ربانی

نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، اس لیے ریفرنڈم کی بات کرنا آئینی طریقہ کار سے ہٹنے کے مترادف ہے، سینئر رہنما پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ کے سابق چیئرمین رضا ربانی نے ریفرنڈم کے معاملے پر وزراء کے ایک مخصوص گروہ کے طرزِ عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 239(4) میں درج کسی صوبے کی علاقائی حدود میں تبدیلی کے طریقہ کار کا متبادل نہیں بن سکتا اور نہ ہی اس آئینی طریقہ کار کو غیر مؤثر کر سکتا ہے۔

رضا ربانی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس مقصد کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر سیاسی بحث شدت اختیار کر چکی ہے، اس بحث کا آغاز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز سے ہوا۔ بعد ازاں وفاقی وزراء کی جانب سے بھی اس تجویز کی حمایت میں بیانات سامنے آئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، اس لیے ریفرنڈم کی بات کرنا آئینی طریقہ کار سے ہٹنے کے مترادف ہے۔

رضا ربانی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ریفرنڈم کے نتائج اپنے حق میں آنے کی صورت میں انہیں عدالت میں لے جانے کا بیانیہ پارلیمان کی خودمختاری کو نقصان پہنچائے گا اور صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر قدغن لگانے کے مترادف ہوگا۔

سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کوئی عدالت آئین میں ایسی تشریح شامل نہیں کر سکتی جو اس میں موجود نہ ہو اور نہ ہی آئین کو ازسرنو تحریر کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عدالت ایسا کرتی ہے تو اس سے نہ صرف آئینی طریقہ کار اور صوبائی اسمبلی کے اس حق کو نقصان پہنچے گا جو اسے اپنی علاقائی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر رائے دینے کے لیے آئین نے دیا ہے بلکہ پارلیمان کی خودمختاری بھی متاثر ہوگی۔

رضا ربانی نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کی عدالتی مداخلت آئینِ پاکستان 1973 کے بنیادی اصول میں تبدیلی کے مترادف ہوگی۔

انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر سوال اٹھایا کہ کیا ہمارا نظام اس نوعیت کے آئینی انحراف کا متحمل ہو سکتا ہے؟

یاد رہے کہ 19 نومبر کو اپنے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے ریفرنڈم کے بجائے انتخابی اصلاحات کے بعد چھ ماہ میں عام انتخابات کرانے کی تجویز بھی دی، ان کا کہنا تھا کہ اگر ریفرنڈم کرایا گیا تو سندھ میں امن و امان کی ضمانت کون دے گا؟

اس سے قبل بھی رضا ربانی بھی نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت سے منظوری لازمی ہے۔

آرٹیکل 239(4) کیا کہتا ہے؟
آئین میں ترمیم کا کوئی ایسا بل جس کے نتیجے میں کسی صوبے کی حدود تبدیل ہوتی ہوں، صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے اس وقت تک پیش نہیں کیا جا سکتا جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی اسے اپنے کل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے منظور نہ کر دے۔

مثال کے طور پر اگر سندھ کو تقسیم کرکے نیا صوبہ بنانا ہو تو اس مقصد کے لیے آئین میں ترمیم کرنا ہوگی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آئینی ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔

سندھ اسمبلی کے کل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے بھی اس ترمیم کی منظوری ضروری ہوگی، اس کے بعد ہی ترمیم صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے پیش کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:آئی بی سی سی کا اسناد کی تصدیق آن لائن شروع کرنے کا فیصلہ

یہی رضا ربانی کے بیان کا بنیادی نکتہ ہے، ریفرنڈم عوامی رائے جاننے کا ایک طریقہ ہے لیکن آرٹیکل 239(4) میں صوبے کی حدود تبدیل کرنے کے لیے صوبائی اسمبلی کی دو تہائی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے، محض ریفرنڈم کے ذریعے اس آئینی شرط کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔