ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ انکے شوہر اس سال اپنی ناساز طبیعت کے باعث دیوالی نہیں منا سکے۔
گزشتہ ماہ گووندا نے خود کو غلطی سے گولی مار کر شدید زخمی کرلیا تھا، فوری طور پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے ان کا علاج کیا اور گولی نکال دی۔ یہ ان کے لیے اور ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک تشویشناک خبر تھی۔
اب جب دیوالی کا تہوار آیا تو ان کے مداحوں کو ان کے بارے میں جاننے کا بے چینی سے انتظار تھا۔ انکی اہلیہ اور اپنے بچوں کیساتھ دیوالی کی خاص پوسٹ کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا تھا۔
گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے میڈیا کو ان کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ دی۔ انہوں نے کہا کہ سر ایک دم ٹھیک ہیں، لیکن انہیں آرام کرنے کو کہا گیا ہے، اس لیے وہ اس سال دیوالی نہیں منا رہے۔‘
سنیتا نے مزید بتایا کہ اس سال وہ اپنے بچوں کے ساتھ دیوالی منا رہی ہیں۔
گووندا کے بیٹے یشوردھن آہوجا، نے بھی ایک تقریب کے دوران میڈیا کو اپڈیٹ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ گووندا کے زخم کے ٹانکے ٹھیک ہورہے ہیں اور وہ روبہ صحت ہیں۔ انہوں نے مذاق میں یہ بھی کہا کہ ان کے والد چند ہفتوں میں دوبارہ ڈانس کرتے نظر آئیں گے۔
اسپتال میں داخل ہونے کے دوران گووندا نے ایک آڈیو کلپ کے ذریعے اپنی صحت کے بارے میں اپنے مداحوں کو اپڈیٹ دی تھی۔
اس کلپ میں گووندا نے کہا تھا کہ آپ سب لوگوں کا آشیرواد، ماں باپ کا آشیرواد اور گرو کی کرپا کی وجہ سے میں ٹھیک ہوں۔ جو گولی لگی تھی، وہ نکال دی گئی ہے۔ میں یہاں کے ڈاکٹر، خصوصاً ڈاکٹر اگروال جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گووندا کے کام کی بات کریں تو ان کی آخری فلم 2019 میں رنگیلا راجا تھی، جس میں انہوں نے ڈبل رول نبھایا تھا۔ انہوں نے وجیندر پرتاپ سنگھ اور اجے پرتاپ سنگھ کا کردار ادا کیا تھا۔
گووندا کے مداح ہمیشہ سے ان کے انوکھے انداز اور ڈانس کے فین ہیں اور ان کی واپسی کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔









