بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سروسز چیفس کی مدت کوراز میں رکھاگیا،اسمبلی میں بل پیش ہونے پراپوزیشن ہکابکا

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظورکئے گئے آرمی ایکٹ، پاکستان ائیر فورس ایکٹ 1953 اور پاکستان نیوی ترمیمی بل کے تحت تینوں سروسزچیفس کی مدت تین سال سے بڑھاکرپانچ سال کردی گئی ہے اس طرح موجودہ آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیراب نومبر 2028کوعہدے سے ریٹائرہوں گے جب کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوجنہیں گزشتہ سال ایک سال کی توسیع دی گئی تھیں انہیں اب مزیدایک اور سال مل گیاہے اسی طرح چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف جنہیں گزشتہ سال اکتوبرمیں اس عہدے پرتعینات کیاگیاتھاوہ مزید چار سال اس عہدے پر برقراررہیں گے تاہم چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشادمرزاکی مدت نہیں بڑھائی گئی اور وہ اپنی تین سالہ مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجائیں گے،ان ترامیمی سے بظاہرمستقبل میں مسلح افواج کے سربراہاں کی توسیع سلسلہ بندہوجائے گا،پاک فوج میں  توسیع کاسلسلہ جنر ل ایوب خان کے دور سے شروع ہوا جب انہیں وزیردفاع بنایاگیابعدازاں انہوں نے مارشل لاء لگایااور خود کو توسیع دیتے رہے،اس کے بعد جنرل یحییٰ خان کو نامساعد حالات کے باعث توسیع کا موقع نہ مل سکاتاہم جنرل ضیاء الحق اورجنرل پرویزمشرف بھی منتخب حکومتوں کا تختہ الٹنے کے بعد خود کو توسیع دیتے رہے اس کے بعد جنرل اشفاق پرویزکیانی اور پھرجنرل قمرجاویدباجوہ کو حکومتوں نے توسیع دی اور وہ چھ ،چھ سال تک عہدے پر برقراررہے،واضح رہے کہ  وزیراعظم کے عہدے اور قومی اسمبلی کی مدت بھی پانچ سال ہے لیکن آج تک کوئی بھی وزیراعظم پانچ سال پورینہیں کرسکا، دلچسپ امریہ ہے کہ سروسزچیفس کی مدت بڑھانے سے متعلق ترامیم کے معاملے کو انتہائی خفیہ رکھاگیااپوزیشن کو اس کی ہوا تک نہیں لگنے دی گئی اور اسمبلی میں یہ بلزپیش ہونے پر اپوزیشن ارکان ہکے بکے رہ گئے، حتیٰ کہ بہت سے کابینہ کے ارکان کو اس وقت پتہ چلاجب یہ معاملہ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے آیااور وہ ایک دوسرے سے اس بارے میں دریافت کرتے رہے۔