بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ اورپی ٹی آئی کی لڑائی چودھری خاندان کو لے ڈوبی،اختلافات کھل کر سامنے آگئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کی لڑائی ستمبر1981میں ظہور الٰہی کے قتل کے بعد سے متحدچودھری خاندان کو لے ڈوبی، خاندان میں اختلافات اس قدر شدت اختیار کرچکے ہیں کہ چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے راہیں جدائیں کرنے کا فیصلہ کر لیاجبکہ چودھری وجاہت حسین کے صاحبزاد ے چودھری حسین الٰہی نے اپنے تایاچودھری شجاعت کے ساتھ جانے کے بجائے اوراپنا سیاسی مستقبل اپنے ماموں چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ وابستہ کرنے کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پرویز الٰہی عمران خان کے حامی جبکہ چودھری شجاعت ن لیگ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ، چودھری شجاعت مستقبل میں بچوں کو ن لیگ میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔ چودھری سالک حسین بھی ن لیگ کے ساتھ جڑے رہنا چاہتے ہیں ۔دوسری جانب مونس الٰہی اپنا سیاسی مستقبل پی ٹی آئی کے ساتھ دیکھ رہے ہیں ۔دریں اثنا چودھری وجاہت حسین کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے باضابطہ طور پر ق لیگ چھوڑ دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیشہ یہی کہا ہے میرے لیے میرا ملک سب سے پہلے ہے ، ق لیگ ساتھ اپنا سیاسی سفر ختم کر رہا ہے ،مستقبل کی سیاست کا فیصلہ مونس الٰہی کے ساتھ کروں گا ، اس جماعت میں نہیں رہ سکتا جو شہبازشریف کو سپورٹ کرتی ہے ۔سیاسی تجزیہ کاروںکے مطابق چودھری خاندان کی نوجوان نسل نے خاندا ن کے اتحاد کو شدید نقصان پہنچایا ہے، چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادوں جوپارٹی سیاست میں ہمیشہ پیچھے رہے اب انہوں نے مونس الٰہی کی برتری تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔