اسلام آباد(طارق محمودسمیر) پی ٹی آئی کے 24نومبر کے پرتشدداحتجاج کے بعدخیر پختونخوا میں گورنرراج کے نفاذ کی افواہیں زیرگردش ہی جبکہ ذرائع کاکہناہے کہ گورنرخیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی بھی صوبے میں گورنرراج کے حامی ہیں تاہم وفاقی حکومت کے کسی وزیر یا نمائندے نے ابھی تک اس بارے میں کوئی بات نہیں کی ، اگرماضی کاجائزہ لیاجائےتو متعدد بار ایسے واقعات پیش آئے جب صوبائی گورنروں کو اضافی و مکمل اختیارات ملے، خاص طور پر صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں تمام انتظامی اختیارات براہ راست گورنر کے ہاتھ میں آ جاتے ہیں،آئین کے آرٹیکل 32، 33اور 34 میں گورنر راج کے حوالے سے وضاحت کی گئی ہے۔ گورنر راج نافذ ہو تو بنیادی انسانی حقوق بھی معطل کر دیے جاتے ہیں۔ تحلیل ہونے والی صوبائی اسمبلی کے تمام اختیارات قومی اسمبلی اور سینیٹ کو تفویض کر دیے جاتے ہیں۔کسی صوبے میں ایمرجنسی کی صورتحال ہو تو گورنر راج نافذ کیا جا سکتا ہے مگر اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت گورنر راج کے نفاذ کو صوبائی اسمبلی کی منظوری سے مشروط کردیا گیا جس کے بعد وفاقی حکومت کیلئے آسان نہیں کہ کسی صوبے میں مخالف جماعت کی حکومت کا اثر ختم کرنے کیلئے گورنر راج نافذ کرے۔آئین کی شق 232 کیے مطابق ملکی سلامتی، جنگ یا کسی اندرونی یا بیرونی خدشے کے پیش نظر خطرے میں ہو اور اس کا سامنا صوبائی حکومت نہ کر سکتی ہو تو صدر مملکت ایمرجنسی نافذ کر کے گورنر راج لگا سکتے ہیں تاہم اس کیلئے شرط یہ ہے کہ متعلقہ صوبائی اسمبلی سادہ اکثریت سے ایک قرارداد کے ذریعے اس کی منظوری دے۔ اگر متعلقہ اسمبلی سے منظوری نہ ملے تو پھر 10 دن کے اندر گورنر راج کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔گویا اس شق کے بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا قریباً ناممکن ہے کیونکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہے ایسا کیا جاتا ہے تو یہ اقدام ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں چیلنج ہو جائے گا اور فیصلہ وہی آئیگا جو قانون میں لکھا ہوا ہے،صوبے میں اگر ہنگامی صورتحال ہو تو اور صدر اگر خود ہنگامی حالت نافذ کرتا ہے تو پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے سامنے صدر کے اس حکم کو توثیق کیلئے پیش کرنے کا پابند بنایا گیا ہے،چنانچہ ان حقائق کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں گورنرراج کے نفاذ کاامکان نہیں ،اسی طرح پی ٹی آئی پر پابندی کی باتیں بھی ہورہی ہیں بلکہ بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی کی قراردادبھی منظورکی گئی جب کہ پنجاب اسمبلی میں اس حوالے سے قراردادجمع کرائی گئی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ممکنہ دونوں اقدامات کسی طور پر بھی مناسب نہیں ہوں گے ، اگر ایساکوئی اقدام اٹھایاجاتاہے تو اس سے وفاقی حکومت کو فائدے کے بجائے نقصان زیادہ ہوسکتاہے اس سے پی ٹی آئی کوسیاسی شہید بننے کا موقع میسرآئے گالہذاضرورت اس امرکی ہے کہ سیاسی معاملات کو سیاسی انداز میں حل کیاجاناچاہئے تحریک انصاف کے پہلے ہی اختلافات شدت اختیارکرچکے ہیں اور سیاسی انداز میں اس جماعت کا کمزور کیاجاسکتاہے،پاکستان کے کئی صوبوں میں گورنر راج نافذ کیا گیا۔ صوبہ سندھ میں اب تک تین گورنر راج لگ چکے ہیں، 25 فروری 2009ء کو جب شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے اور صدر کا عہدہ آصف علی زرداری کے پاس تھا، وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تھے۔ انکی سفارش پر آئین کے آرٹیکل 237 کے تحت صدر آصف علی زرداری نے شہباز حکومت کیخلاف پنجاب میں دو ماہ کیلئے گورنر راج نافذ کیا جس کے بعد مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کے مابین سخت کشیدگی پیدا ہو گئی اور تلخی میں اضافہ ہوتا چلا گیا تاہم مسلم لیگ (ن)کی طرف سے ہونیوالے لانگ مارچ اور ججز بحالی کے بعد پنجاب میں گورنر راج ختم کر دیا گیا۔ پنجاب میں گورنر راج لگاتے وقت پیپلزپارٹی نے موقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے وزیراعلیٰ کے عہدے سے شہباز شریف کی نااہلی کے بعد پیدا ہونیوالے بحران سے بچنے کیلئے صدر نے گورنر راج نافذ کیا، بلوچستان میں جنوری 2013ء میں کوئٹہ میں ہونے والے ایک خودکش کار بم دھماکے میں 90 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے صوبے میں گورنر راج نافذ کیا۔70ء کی دہائی تھی اور ذوالفقار علی بھٹو وزیراعظم تھے جب پنجاب میں پولیس نے ہڑتال کر دی جسے ناکام بنانے کیلئے صوبے کے گورنر مصطفی کھر کو کچھ خصوصی اختیارات دیے گئے۔ بطور گورنر کھر کا دور سب سے زیادہ مشہور ہوا۔ گورنر نے پولیس کی ہڑتال ناکام بنانے کیلئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ذریعے تھانوں اور ٹریفک کا نظام چلایا۔اس دوران قتل، ڈکیتی اور چوری کی کوئی واردات نہ ہوئی۔علی امین گنڈا پور کیساتھ کیا ہو گا، جو ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں۔ پارٹی قائد کے کہنے پر وہ جو کچھ کر رہے ہیں، اسے ایک وزیراعلیٰ کی طرف سے مستحسن قدم قرار نہیں دیا جاسکتا۔خدا خدا کر کے اب کہیں جا کر ملک کی معیشت پٹری پر چڑھی ہے۔ طویل عرصے بعد تمام معاشی اشاریے صحیح سمت کی راہ دکھا رہے ہیں۔ علی امین کی جانب سے لشکر کشی کے اقدامات کو کسی طرح بھی مناسب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایک وزیراعلیٰ کو ہرگز زیب نہیں دیتا کہ وہ غیر آئینی کام کریں۔ وفاقی حکومت علی امین کے غیر آئینی اقدامات پر کیا قدم اٹھاتی ہے؟
گورنرراج اور پی ٹی آئی پرپابندی خارج ازامکان








