اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں رہائش پذیر سویڈن کی خاتون کو اپنے ہی گارڈنے زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔
تھانہ آبپارہ میں دی جانے والی ایف آئی آر متاثرہ خاتون سارہ (فرضی نام) نے لکھوائی جس میں انہوں نے اپنے مکان میں تعینات گارڈ پر ریپ کا الزام عائد کیا ہے۔
30 سالہ سارہ اقوام متحدہ سے منسلک بین الاقوامی ادارے میں کام کرتی ہیں۔ انہوں نے درج کرائی جانے والی ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ رواں برس جنوری میں پاکستان آئیں اور یہاں یونیسیف میں ملازمت شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’مارچ سے یہ محافظ میرے گھر بذریعہ پرائیویٹ کمپنی تعینات ہے۔ سات جون کی رات کوئی شخص کمرے میں داخل ہوا لائٹ آن کرنے پر دیکھا تو وہ گارڈ تھا۔ اس نے جنسی طور پر ہراساں کیا اور ریپ کا نشانہ بنایا۔‘
سارہ نے دعوی کیا کہ انہوں نے اپنے دفاع کی حتی المقدور کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔
سارہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ’مجھے انصاف چاہیے اور جس شخص نے میرا ریپ کیا ہے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔‘
پولیس حکام نے میڈیا کو تصدیق کی کہ سویڈن کی خاتون کا میڈیکل کرایا گیا ہے اور ابتدائی طبی معائنے میں ان سے جنسی زیادتی ثابت ہوگئی ہے تاہم حتمی رپورٹ کا ابھی انتظار ہے۔
تھانہ آبپارہ پولیس نے واقع کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور اس کا دعوی ہے کہ ملزم کا پتا بھی لگا لیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم روپوش ہوگیا ہے اور پولیس ملزم کے اہل خانہ کے ذریعے دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ خود گرفتاری دے دے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ جلد واقعے کو انجام تک پہنچائے گی جبکہ اس کے مطابق متاثرہ خاتون شدید دھچکے اور صدمے کا شکار ہیں۔








