بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہلاکتیں! بیرسٹر گوہر کا متضاد دعوے تسلیم کرنے سے انکار

اسلام آباد (طارق محمود سمیر ) پاکستان تحریک انصاف کے 24نومبر کے فائنل احتجاجی کال کے موقع پر 26نومبر کو سکیورٹی فورسز کے گرینڈ آپریشن کے د وران تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں سے متعلق پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے متضاد دعوئوں کے بعد اب پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے بیان سے ایک نئی بحث شروع ہوگئی جس میں ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کبھی 100،200ہلاکتوں کے دعوئوں کو اون نہیں کیا ، کسی ایم این اے ، ایم پی اے کو کنٹینر کے پاس نہیں بلایا تھا وہ ایک لانگ پراسس تھا ، پارٹی کی ساکھ متاثر کرنے کیلئے کچھ پراپیگنڈ ے کئے جا رہے ہیں ، اگر سنگجانی میں بیٹھ جاتے تو بھی پوری لیڈر شپ کو کنٹینر پر نہ بلاتے ، بشریٰ بی بی سے متعلق محتاط انداز میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں کوئی کردار نہیں وہ اپنی مرضی ومنشا سے تحریک میں شامل ہوئیں ، انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کے حوالے سے غلط اعداد وشمار نہیں دیے ، ہم نے پارٹی پلیٹ فارم سے ہلاکتوں کی تعداد 12بتائی ہے ، پارٹی کے چیئرمین کے طورپر بیرسٹر گوہر ایک ذمہ دار سیاسی رہنما ہیں اور انہوں نے اپنے بیان میں محتاط الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے پارٹی کے بعض سینئر رہنمائوں اور سوشل میڈیا پرچلنے والی ان خبروں کی ایک طرح سے تردید کردی ہے جن میں مسلسل یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سینکڑوں اور400سے زائد کارکن مارے گئے ، دلچسپ بات یہ ہے کہ پارٹی کے ایک سینئر بیرسٹر لطیف کھوسہ نے 278، پارٹی کے مستعفی سیکرٹری جنرل سلمان اکرام راجا نے 20، شیر افضل مروت نے 40کارکنوں کی ہلاکت کے بیانات دیے جبکہ گزشتہ روز پشاور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں پارٹی کے ترجمان اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ہلاک کارکنوں کی تعداد12بیان کی جس میں انہوں نے ان کے نام اور جن شہروں سے تعلق ہے وہ بھی بتائے اور بیرسٹر گوہر نے بھی بیان میں واضح کیا کہ ہم نے تعداد 12بتائی ہے ،اس معاملے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت ہلاک کارکنوں کی تعداد کے حوالے سے صحیح اعداد وشمار سامنے لائے تو بہتر ہوگا ،دوسری جانب حکومت تویہ کہہ رہی ہے کہ کوئی ہلاکتیں نہیں ہوئیں ، بی بی سی نے پانچ سے سات ہلاکتوں کی خبر دی تھی اور ہسپتال ذرائع سے بھی اسی طرح کی خبریں آئی تھیں ۔ علاوہ ازیں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی کو وزیراعلیٰ امین گنڈا پور نے معاون خصوصی کے عہدے سے برطرف کردیا ہے اور اس برطرفی کا ایک لیٹر مشعال یوسفزئی نے میڈیا میں شیئر کیا ہے جس میں 29نومبر کی تاریخ درج ہے اور وہ کہتی ہیں کہ گزشتہ رات انہوں نے جو انٹرویو دیا اس کے بعد انہیں معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے ، اس انٹرویو میں انہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ بشریٰ بی بی دھرنے سے واپس نہیں جانا چاہتی تھیں اور انہیں اپنی گاڑی مجبوراً تبدیل کرنا پڑی اور دوسری گاڑی میں بٹھا کر یہ کہا گیا کہ آگے ڈی چوک تک جائیں گے مگر انہیں مانسہرہ پہنچا دیا گیا۔ یہاں ایک دلچسپ امر یہ ہے کہ 11ستمبر 2024کو بھی مشعال یوسفزئی کو مختلف الزامات اور پارٹی کی سینئر قیادت کے خلاف بیانات دینے پر مشیر برائے سماجی بہبود کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا اور انہیں عہدے سے ہٹانے کی سمری پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخط بھی کر دیے تھے ، اب پہلے والے لیٹر کو درست مانا جائے یا نئے کو یہ بھی ایک نیا تنازع ہے ، اگر نئے لیٹر کو درست مان لیا جائے تو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ایک طرف تو علی امین گنڈا پور ، بشریٰ بی بی کو مکمل پروٹوکول دے رہے ہیں اور دوسری جانب ان کی نامزد کردہ ترجمان کو عہدے سے ہٹا رہے ہیں ۔