بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعاون اور سرمایہ کاری پر پیشرفت کا جائزہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ اور مخلص دوست ہے، جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان-سعودی عرب جوائنٹ ٹاسک فورس کے نومبر میں منعقدہ دوسرے اجلاس کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قلیل عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن میں سے 7 یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔ ان معاہدوں کی مجموعی مالیت 560 ملین ڈالر ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔