بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور ہائی کورٹ نے لوڈشیڈنگ پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائی کورٹ نے ملک بھر میں جاری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے متعلق 2 درخواستیں دائر کیں۔ دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ آج اٹھائے گئے معاملات سے متعلق عدالتی فیصلے موجود ہیں، کسی نہ کسی طرح ان چیزوں کو ٹھیک ہونا چاہیے اور کہا جا رہا ہے توانائی بحران جولائی تک ختم ہو جائے گا۔جسٹس شاہد کریم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے، خوراک کا بحران سر اٹھا رہا ہے، اس سب کے دوران کیا کیا جاسکتا ہے ،بعد ازاں فاضل جج نے وفاقی حکومت سے بجلی کی کٹوتی اور پنجاب حکومت سے مہنگائی پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ منگل تک لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے تک رہ جائے گا اور 30 جون تک یہ 2 گھنٹے سے بھی کم ہو جائے گا تاہم ان کا یہ وعدہ اب تک وفا نہ ہوسکا۔ واضح رہے کہ لاہور میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا ہے اور شہریوں کو روزانہ 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں 14 گھنٹے تک کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔