لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان آرٹیکل 6 کے تحت مریم نواز کے خلاف مقدمات بنانا چاہتے تھے۔
اپنے جاری کردہ ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملک میں چار سال کے دوران احتساب کے نام پر انتقام لیا گیا اس کی قسط وار کہانیاں سامنے آ رہی ہیں، عمران خان نے حکومت کو چلانے اور سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کے لئے اداروں کا استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے بشیر میمن کے انٹرویو موجود ہیں، عمران خان مخالفین کے لئے آرٹیکل 6 کے مقدمے بنانا چاہتے تھے، عمران خان آرٹیکل 6 کے تحت مریم نواز کے خلاف بھی مقدمات بنانا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شوکت صدیقی کے کیسز اور چیئرمین نیب جاوید اقبال کی کہانی بھی سامنے آئی، کوشش کی گئی کہ جاوید اقبال کو بھی شکنجے میں لے کر مرضی کے فیصلے لئے جائیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان نے اپنی گھٹیا سیاست کے لئے خواتین کا استعمال بھی کیا، عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر خاتون کا استعمال اور اقتدار میں خاتون کا استعمال کرتے رہے، جسٹس جاوید اقبال کی سائلہ خاتون طیبہ گل کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کو کٹہرے میں کھڑا کر کے سوال پوچھے گئے اصل رخ دکھانے نہ دکھائے گئے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ہراسانی کی شکار خاتون کی ویڈیو کو اس کی مرضی کے بغیر چلوایا، سابق چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے مخالفین پر کیس بنوائے۔









