بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ مریم نواز کی کسان دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج، کھاد کی فروخت میں 50 فیصد اضافہ

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کسانوں اور زراعت کے لیے متعارف کردہ پالیسیاں اثر دکھانے لگیں۔ پنجاب میں کھاد کے استعمال کے حوالے سے جاری کردہ جائزہ رپورٹ کے مطابق یوریا کی فروخت میں 57.9 فیصد جبکہ دیگر نامیاتی کھادوں کی فروخت میں 42.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نائٹروجن کے استعمال میں 50.7 فیصد، فاسفیٹ میں 9.3 فیصد، اور پوٹاش میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یوریا کی فروخت میں اضافے کو پنجاب حکومت کی کسان کارڈ اسکیم سے منسلک کیا گیا، جس کے تحت کسان کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری میں سہولت حاصل کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کھاد کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی، جبکہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے گندم کی بوائی کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اب تک 1 کروڑ 61 لاکھ ایکڑ گندم کے زیر کاشت رقبے کی سیٹلائٹ کے ذریعے تصدیق کی جا رہی ہے۔ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کا گندم کی تیار فصل سے موازنہ بھی کیا جائے گا۔

حکومت پنجاب کے تحت کسان کارڈ اسکیم کو زراعت کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اب تک پنجاب کے 5 لاکھ 30 ہزار کسانوں کو کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 7.5 لاکھ کسانوں میں مزید کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔ کسان کارڈز کی مدد سے کسان اب تک 35 ارب روپے مالیت کی زرعی اشیاء خرید چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کسانوں کی ترقی اور زراعت کی بحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور یہ پالیسیز معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔