اسلام آباد: ملک میں گندم کی درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے اور حالیہ ایک ہفتے کے دوران بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 334 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد کئی بڑے شہروں میں تھیلا 3 ہزار 600 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ دستاویزات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کے نرخوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے، جن میں کراچی، اسلام آباد، حیدرآباد اور بنوں سرفہرست ہیں جہاں بیس کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 600 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں کے دوران بیس کلو آٹے کا تھیلا مزید 100 روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار 600 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے، جہاں پشاور میں بیس کلو آٹا 250 روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار 550 روپے جبکہ راولپنڈی میں 66 روپے 66 پیسے اضافے کے بعد 3 ہزار 533 روپے کا ہو گیا ہے۔ اسی طرح لاہور میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 333 روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار 467 روپے اور گوجرانوالہ میں بھی 333 روپے کے اضافے کے بعد 3 ہزار 400 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
علاوہ ازیں سندھ اور بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی صارفین کو مہنگے آٹے کا سامنا ہے، جہاں سکھر میں بیس کلو آٹے کی قیمت 280 روپے بڑھ کر 3 ہزار 360 روپے ہو گئی ہے جبکہ کوئٹہ میں 110 روپے کے اضافے کے بعد بیس کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 330 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔








