بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کا کیس ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 20 جون تک توسیع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سیشن کورٹ میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ضمانت  میں  20 جون تک توسیع کرلی۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیشن کورٹ  میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی ،  جج نے پراسیکیوٹر سے پوچھا کہ  کیا مقدمات کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے ، پراسیکیوٹر نے جواب  دیا کہ ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ،  جج نے استفسار کیا کہ کتنے لوگ ہیں جو ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے ، پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ بہت سارے بیان ہیں لیکن بہت سے لوگ شامل تفتیش نہیں ہوئی ۔

پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ  ہمارے رہنما تھانے گئے مگر وہاں سے جواب ملا کہ صاحب موجود نہیں ہیں ۔ جج نے  بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کرتے ہیں کہ تھانہ وائز  درخواست ضمانتوں پر بحث رکھ لیتے ہیں ۔  وکیل بابر عوان نے کہا کہ  جس طرح چل رہا ہے اسی طرح جانے دیں ، ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے  ، سب ملزم پیش ہوں گے ، آپ تمام ملزمان کو شامل تفتیش کرالیں اور ان کی حاضری بھی لگوا لیں ۔

عدالت نے پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت میں ہی سب کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت دیدی ، جج نے ریمارکس دیے کہ یہ شکایت کر رہے ہیں کہ تھانوں میں جاتے ہیں مگر تفتیشی نہیں ملتا  ۔

دوران سماعت شیریں مزاری نے کہا کہ میں کچھ کہنا چاہتی ہوں ، میں شامل تفتیش ہو چکی ہوں اور آج ہی میرے وکیل بحث کرینگے ۔ جج نے کہا کہ ہم نے منگل کی تاریخ رکھ لی ہے ، اسی  دن بحث کر لیں گے ۔شیریں مزاری نے استدعا کی مجھے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے  ۔شیریں مزاری ، زرتاج گل اور عمران اسماعیل نے آئندہ سماعت پر  حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی ۔

جج نے وکیل بابر اعوان کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر بحث کیلئے صرف دو وکیل ہی پیش ہوں ، کمرہ عدالت میں ملزمان سے زیادہ وکلاء کی تعداد ہے ۔عدالت نے کی کی سماعت بیس جون تک ملتوی کر دی ۔