راولپنڈی: پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ شیرافضل مروت پارٹی سے باہر ہوچکے ہیں، یہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا، سلمان اکرم راجہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر بانی چیئرمین عمران خان بھی افسردہ ہیں۔
اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وقفے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، اس تعطل کی وجہ نہیں تھی، ان کے حوالے سے جو وسوسے پیدا کئے گئے تھے، وہ درست نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جیل کا نظام ان قوتوں کے تابع ہے جن کا جیل کے نظام سے تعلق نہیں، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی، چھے ماہ میں بچوں سے چوتھی بات بات کروائی گئی ،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر چیف جسٹس کو خط لکھوں گا، ہم یہ معاملہ ان کے سامنے رکھیں گے، عمران خان کو دورہ سندھ کے حوالے سےآگاہ گیا، بتایا پورا سندھ پی ٹی آئی کا منتظر ہے، ہم سندھ کے حقوق کے لئے لڑیں گے اور ان کے پانی کا ایک قطرہ کسی اور کو نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پر وڈیروں کا بہت راج ہو چکا،ملک کے ہر مظلوم کے ساتھ ہم کھڑے ہیں، پنجاب میں ہر روز فسطائیت کا نیا واقعہ سامنے آتا ہے، بانی کی رہنمائی میں ہم یہ جنگ لڑیں گے اور جیت کر دکھائیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جنید اکبر کی صدارت پر بانی نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہدایت کی ہے کہ جو پارٹی کے ساتھ دوسرے عہدوں پر تعینات ہیں، وہ پارٹی عہدے چھوڑ دیں، جو لوگ پارٹی میں رہ کر اسکے خلاف باتیں کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جو فارغ کر دیئے گئے انھیں ٹھوس وجوہات پر فارغ کیا گیا، کرکٹ پر بانی بہت افسردہ ہیں، بانی پی ٹی آئی سے نے کہا چیف جسٹس نے جو بات کی اسے آگے لیکر چلیں،جیلوں میں جو نظام ہے وہ قانون کے منافی ہے، عالیہ حمزہ اور شعیب شاہین کو ملک بھر میں یو سی سطح پر آرگنائز کرنے کی زمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے حوالے سے بانی نے مسرت کا اظہار کیا ہے، پارٹی مکمل طور پر متحد ہے، ہم پاکستان بار سپریم کورٹ بار کے الیکشن سامنے کھڑے ہیں، سب کو پیغام ہے کہ پارٹی متحد ہے اور آگے بڑھے گی، ہم ملک کے اندر کی قوت ہیں، ہم کوئی گروہ یا جھتہ نہیں جس نے اداروں سے دور ہو کر جہدوجہد کرنی ہے، ہم نیا پاکستان بھی بنائیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جن لوگوں کے پارٹی ہدایت کے خلاف ووٹ دیا، ان کے لیے کوئی سافٹ کارنر نہیں، ان کے خلاف کارروائی ہو گی، جو لوگ اس دن میسر تھے اور ان سے رابطہ نہیں ہو رہا ان کی بات سنی جائے گی اور ان کا فردا فردا فیصلہ ہو گا، شیر افضل ہوں یا کوئی اور بانی نے کہا میں پارٹی عہدے داران کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شیر افضل پارٹی سے باہر ہو چکے ہیں یہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا، جس کسی نے بدکلامی کی کسی نے ذدوکوب کیا وہ پارٹی کا حصہ نہیں ہے، بانی نے کہا جو لوگ رابطہ میں نہیں تھے انکو موقع دیا جائے انکو ضرور موقع دیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی افسردہ ہیں، کرکٹ تکنیکی گیم ہے، وہ ان کو دیں گے جو کسی کے منظور نظر ہوں گے، عوام کی وابستگی کو اگر کوئی مذاق سمجھتا ہے تو عوام کے جذبات کی تضحیک کر رہا ہے۔
چیمپئنزٹرافی سےباہرہونے پرعمران افسردہ، مروت بارے فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا، سلمان اکرم راجہ








