اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں پاکستان کی سمندری حدود میں آف شور تیل و گیس کی تلاش سمیت توانائی، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عشائیے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے اسے مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، کیونکہ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ آف شور تیل و گیس کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر نے اپنا اور وفد کا پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ ترک وزیر توانائی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تحقیقی جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا اور اس منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
عشائیے میں شریک ترکیہ کے وفد میں ترک پارلیمنٹ کے رکن اور پاکستان ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوولو اور ترک وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے، جبکہ پاکستانی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جنید انور چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، مشیر وزیراعظم محمد علی، اور معاونینِ خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال بھی موجود تھے۔








