حافظ آباد: پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کو ان کے پیٹرول پمپ سے ملحقہ رہائش گاہ پر مبینہ طور پر ان کے ہی ذاتی محافظوں نے گلا دبا کر قتل کر دیا، جبکہ تھانہ سٹی میں چار محافظوں سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں تھانہ سٹی حافظ آباد میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 395 (ڈکیتی) کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق مقتول لیاقت عباس بھٹی 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب دیگر دو افراد کے ہمراہ عباس پیٹرول فلنگ اسٹیشن پر موجود تھے کہ چاروں ذاتی محافظوں سمیت مسلح ملزمان اندر داخل ہوئے۔ ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لیاقت عباس بھٹی کی مزاحمت پر ایک گن مین نے انہیں بیڈ پر گرا دیا، دوسرے نے بازو اور دو ملزمان نے ٹانگیں پکڑ لیں جس کے بعد ایک ملزم نے گلا دبا کر انہیں قتل کر دیا، جبکہ دوسرے کمرے میں موجود گواہان کو رسیوں سے باندھ دیا گیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق 19 نومبر کی دوپہر جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو ان کے چچا بیڈ پر مردہ حالت میں پڑے تھے اور سامان بکھرا ہوا تھا، جبکہ ملزمان جاتے ہوئے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 50 تولے سونا، 20 لاکھ روپے نقدی، ذاتی اسلحہ، گھر کا دیگر سامان اور تین قیمتی گاڑیاں (ایک پراڈو، ایک ویگو ڈالا اور ایک لینڈ کروزر) بھی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مقتول کے رشتہ دار اظہر عباس بھٹی کے مطابق واردات میں ملوث سیکیورٹی گارڈز کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے جنہیں کچھ عرصہ قبل تمام چھان بین اور متعلقہ تھانے میں اندراج کے بعد ملازمت پر رکھا گیا تھا۔
ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ واضح ہو گیا ہے کہ لیاقت عباس بھٹی کو رسی سے پھندا دے کر قتل کیا گیا کیونکہ ان کے گلے پر رسی کے واضح نشانات اور منہ سے خون بہنے کے آثار پائے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فواد احمد نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ مقتول کی لاش کی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں قتل کرنے کے بعد بیڈ پر لٹا کر کمبل اوڑھا دیا گیا تاکہ بظاہر یہ لگے کہ وہ سو رہے ہیں، جبکہ واسکٹ پہنے ہونے سے اندازہ ہوتا ہے کہ واردات کے وقت وہ جاگ رہے تھے۔ پولیس تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے فرار ہونے سے قبل مقتول کے ہی پیٹرول پمپ سے تینوں گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کروائیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال حافظ آباد سے پوسٹ مارٹم کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔
واضح رہے کہ چوہدری لیاقت عباس بھٹی ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وزیر مملکت رہ چکے ہیں اور وہ ضلع حافظ آباد کے حلقہ این اے 103 سے 2002ء اور 2008ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کا تعلق پنڈی بھٹیاں کے معروف سیاسی بھٹی خاندان سے تھا اور وہ سابق رکن قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن بھٹی کے چچا تھے، تاہم حالیہ برسوں میں ان کی سیاسی راہیں اپنے خاندان سے جدا ہو چکی تھیں۔








