8 سال سے زائد عرصے اور 6 ارب میل سے زائد فاصلے کے سفر کے بعد آخرکار یورپ اور جاپان کا مشترکہ خلائی مشن نظام شمسی کے سیارے عطارد کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔
بیپی کولمبو (BepiColombo) نامی اسپیس کرافٹ انسانی تاریخ کا دوسرا خلائی مشن ہے جو سورج کے سب سے قریبی اور نظام شمسی کے سب سے چھوٹے سیارے کے مدار میں پہنچا ہے۔
بیپی کولمبو یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) اور جاپانی خلائی ایجنسی (جے اے ایکس اے) کا مشترکہ منصوبہ ہے جسے اکتوبر 2018 میں زمین سے روانہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل صرف امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایک خلائی مشن نے 2011 سے 2015 تک عطارد کے مدار میں رہ کر تحقیقی کام کیا تھا۔
ایک ارب 60 کروڑ یورو کی لاگت والے اس مشن سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ آخر عطارد سیارہ سورج کے اتنے قریب کیسے تشکیل پایا، اس میں مقناطیسی میدان اور منجمد برفانی پٹی کیوں موجود ہے۔
عطارد سورج کے بہت قریب ہے، اس لیے سورج کی شدید کشش ثقل خلائی طیارے کو تیزی سے اپنی طرف کھینچتی ہے۔
طیارے کی رفتار کو کم کرنے کے لیے اس اسپیس کرافٹ کو پورے سفر کے دوران وقفے وقفے سے ‘بریک’ لگانا پڑی جبکہ زمین، زہرہ اور عطارد کے گرد کئی چکر لگانے پڑے۔
انجن کے نظام میں ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے یہ سفر 7 کی بجائے 8 سال میں مکمل ہوا۔
بیپی کولمبو مشن دراصل 2 الگ الگ خلائی طیاروں کا مجموعہ ہے جو اب تک جڑے ہیں اور عطارد میں مدار میں داخل ہونے کے بعد دسمبر 2026 میں کسی وقت یہ دونوں طیارے الگ ہوکر عطارد کے گرد مختلف مداروں میں چلے جائیں گے۔
یورپی خلائی طیارہ سیارے کی سطح کا تفصیلی نقشہ تیار کرے گا جبکہ سیارے کے مقناطیسی میدان کے افعال کا جائزہ لیا جائے گا۔جاپانی طیارہ سیارے کے گرد موجود گیسوں پر تحقیقی کام کرے گا۔
یہ مشن عطارد کی سطح پر ہزاروں کی تعداد میں موجود عجیب نشانات اور گڑھوں کے بننے کی وجوہات جاننے کی کوشش بھی کرے گا۔
اس منصوبے پر 20 سال سے کام کیا جا رہا تھا اور کئی ماہ بعد جاکر سائنسدانوں کو سیارے کے مشاہدے کا موقع ملے گا۔تحقیقی کام کا آغاز اپریل 2027 سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ عطارد سورج کے گرد اپنا چکر محض 58 دنوں میں مکمل کرلیتا ہے، یعنی وہاں 3 ماہ تک دن کی روشنی رہتی ہے جس کے بعد 3 ماہ تک تاریکی چھائی رہتی ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی شاہ چارلس سوئم سے ملاقات، سفارتی اسناد پیش
دن میں وہاں کا درجہ حرارت 450 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے جبکہ رات کو منفی 180 ڈگری سینٹی گریڈ تک گھٹ جاتا ہے۔








