بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی کابینہ میں توسیع ،12وفاقی وزراء، 9 وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں توسیع کر دی گئی ،12وفاقی وزراء، 9 وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا ۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ۔ صدرآصف علی زرداری نے کابینہ کے نئے ارکان سے لیا،تقریب میں چیئرمین سینیٹ سیدیوسف رضاگیلانی ،وزیرفاع خواجہ آصف،وزیرخزانہ محمداورنگزیب،وزیرپٹرولیم مصدق ملک سمیت دیگروفاقی وزراء اور اہم شخصیات نے شرکت کی ۔  حلف اٹھانے والے وفاقی وزرا میں مسلم لیگ ن کےحنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل ،چوہدری، معین وٹو، سردار یوسف، علی پرویزملک، شزہ فاطمہ خواجہ، جنید انوار، رانا مبشراقبال، رضا حیات ہراج جب کہ اتحادی جماعتوں میں سے ایم کیوایم کے مصطفیٰ کمال،باپ پارٹی کے صدر خالد مگسی اور26ویں آئینی ترمیم کے لیے ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی اورنگزیب کھچی شامل ہیں۔

 

وزرائے مملکت میں مسلم لیگ ن کے بیرسٹر عقیل ملک،سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمدخان کے چچا ملک رشید، طلال چوہدری،اقلیتی رکن کھیئل داس،عبدالرحمان کانجو، بلال اظہر کیانی،ڈاکٹر مختاراحمد ملک بھرتھ ، وجیہہ قمراور استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری شامل ہیں ۔ حلف برداری کی تقریب میں تین وزراء حلف نہیں اٹھاسکے ،ا ن میں ن لیگ کے پیرعمران شاہ اوروزرائے مملکت کے لیے ڈاکٹرشذرہ منصب اور ارمغان سبحانی شامل ہیں،یہ تینوں ابوظہبی کے ولی عہدکی ایوان صدرسے روانگی کے دوران روٹ لگنے کے باعث ٹریفک میں پھنسے رہےاور حلف نہیں اٹھاسکے۔پیرعمران شاہ حلف برداری کی تقریب ختم ہونے کے بعد ایوان صدرپہنچے تو انہوں نے بتایاکہ وہ ٹریفک پھنس گئے تھے ،روٹ لگاہواتھا۔اس موقع پر وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑنے پیرعمران شاہ سے کہاکہ آپ کااور ڈاکٹرشذرہ منصب کا حلف جلدہوجائے گا،صدرمملکت ایک دن کے لیے لاہورجارہے ہیں اور حلف برداری کی نئی تقریب جلد ہوگی۔حلف برداری کی تقریب سے قبل ایوان صدرکے دربارہال میں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو نشان پاکستان کااعزازدینے کی تقریب منعقدہوئی اور اس کے بعدکابینہ کی حلف برداری ہوئی ،وزیراعظم شہبازشریف وزراء کی حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے کیونکہ وہ معززمہمان کے ساتھ مصروف تھے۔علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک،سابق پرنسپل سیکرٹری اور ورلڈبینک کے مستعفی ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹرتوقیر شاہ اور محمد علی کووزیراعظم کامشیرمقررکردیاگیاہے جس کانوٹیفکیشن جلدجاری کردیاگیاہے،محمدعلی اس وقت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی کے طور پر کام کررہے ہیں جب کہ وہ نگران حکومت میں بھی وزیررہ چکے ہیں۔ڈاکٹرمختاراحمدبھرتھ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹربرائے وزارت صحت کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے ۔موسمیاتی تبدیلی کی وزیراعظم کی کورآڈینیٹررومینہ خورشید عالم وفاقی وزیرنہیں بن سکیں،وہ ایوان صدرآئی تھیں جب انہیں اس بات اطلاع ملی کہ ان کا نام وزراء کی حتمی فہرست میں شامل نہیں تو وہ وہاں سے چلی گئیں۔