بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عوام کو مہنگائی لوڈشیڈنگ کے چکر میں لگا کر پی پی پی اور ن لیگی ٹولہ مقدمات ختم کرا لے گا ،شاہ محمود قریشی

ملتان ( مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نیب قوانین ختم اور ترمیم کرکے خود کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ خراب ملکی حالات کے دعوے کرنے والوں نے حکومت اسی لیے سنبھالی کہ وہ اپنے اوپر قائم مقدمات ختم کرا سکیں اور حالیہ ترامیم اسی سلسلہ کی کڑی ہیں اور ہماری حکومت پر تنقید کرنے والے عوام کے سامنے اب ننگے ہو چکے ہیں ریکارڈ مہنگائی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں لیکن حکمران اپنے مقدمات ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سورج کنڈ روڈ پر پی پی 217 کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں امیدوار زین قریشی کی انتخابی مہم کی کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا جس کا اہتمام کوارڈینیٹر تحریک انصاف ملک نیاز محمد بھٹہ نے کیا۔ اس موقع پر چوہدری خالد مولا،خلیل گجر اور ایوب قریشی نے اپنے ساتھیوں اور اہل علاقہ سمیت مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور زین قریشی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ملک نیاز محمد بھٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 217کا ضمنی الیکشن ملکی بقاء کا الیکشن ہے اور اس میں کامیابی سیاسی بونے کی نہیں حقیقی سیاسی گھرانے کے سپوت کی ہو گی جو ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرتا ہے علاقے کے تاجر،سماجی رہنما زین قریشی کے ساتھ ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں ریکارڈ پٹرول مہنگا کرنے والے عوام کو جلد مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیلیں گے، عوام کو مہنگائی لوڈشیڈنگ کے چکر میں لگا کر یہ پی پی پی اور ن لیگی ٹولہ اپنے اوپر مقدمات ختم کرا لے گا لیکن پی ٹی آئی انہیں راہ فرار نہ دے گی اور عوام کے ساتھ ملکر ان کا راستہ روکیں گے۔ کارنر میٹنگ میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،قیصر بھٹہ،آصف نعیم بھٹہ،یونس ڈویژن،راشد بھٹہ،رانا حیدر علی،با با شہنشاہ نے بھی خطاب کیا ۔