سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع کینٹ میں دو خودکش دھماکوں میں 15 افراد ہلاک جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے ۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دہشت گردوں نے کینٹ کی دیوار توڑنے کے لیے دو خود کش دھماکے کیے۔ دھماکوں کے بعد حملہ آور اندر گھسنے کی کوشش کی جنہیں سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔
تحریک طالبان پاکستان سے منسلک شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ۔
فوج کی جانب سے حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے تاہم ترجمان ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر نعمان کے مطابق دہشت گرد حملے میں 15 شہری شہید جب کہ 25 زخمی ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر نعمان کے مطابق شہید ہونے والے شہریوں میں 4 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
پاکستانی فوج کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ دو خود کش حملہ آوروں نے بنوں کینٹ کی دیوار کے قریب اپنے آپ کواڑا دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خود کش دھماکوں کے بعد پانچ سے چھ حملہ آوروں نے کینٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں آپریشن ابھی تک جاری ہے۔
پولیس آفیسر ظفر خان کے مطابق دو دھماکوں کے بعد جائے وقوعہ سے دھویں کے گہرے بادل اٹھنے لگے اور فائرنگ جاری رہی۔
دھماکوں کے باعث قریب واقع مسجد جزوی نقصان پہنچا جس کے ملبے تلے نمازی دب گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔
دھماکوں سے قریبی عمارتوں کی چھتیں گرنے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ۔
بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملہ، 15شہری شہید ، 25 زخمی، 6 خوارج جہنم واصل








