بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مونس الہی پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج، دو فرنٹ میں گرفتار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں (ق) لیگ کے رہنما مونس الٰہی ٰ پر مقدمہ درج کرلیا۔ کیس میں مونس الٰہی کے دو مبینہ فرنٹ مینز نواز بھٹی اور مظہر اقبال کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مونس الٰہی الائنس شوگر مل میں شیئر ہولڈر ہیں۔
ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے نوازبھٹی اور مظہر اقبال دونوں کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق مونس الٰہی ان کے ذریعے غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے کی خورد برد کرتے تھے. ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ مونس الٰہی کیخلاف تحقیقات میں ٹھوس شواہد ملے ہیں، ان پر ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک بھیجنے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق مونس الہی کی شوگر ملز کے حوالے سے 25 کروڑ کی ٹرانزیکشن کے معاملات مشکوک ہیں۔ سابق وفاقی وزیر کے خلاف گزشتہ حکومت سے ہی تحقیقات جاری تھیں اور اب باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔
ادھر مونس الہٰی ایف آئی اے آفس پہنچ گئے ۔اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجھے ایف آئی اے نے کیا گرفتار کرنا میں تو خود ایف آئی اے دفتر گرفتاری دینے آیا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے جو کرنا ہے وہ کرلےاور پھر مجھے جو کرنا ہوگا،وہ میں کروں گا کیوں کہ پہلے بھی ایسی انتقامی کاروائیوں کا سامنا کرچکا ہوں۔
مونس الٰہی نے بتایا کہ میری ایک کمپنی ہے جو انویسٹمنٹ کرتی ہے اور اس کمپنی نےشوگر مل سمیت دیگر کاروبار میں انویسٹمنٹ کررکھی یے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ مقدمہ درج کرنے سے قبل نوٹس بھیجا جاتا ہے جو نہیں بھیجا گیا۔
مونس الٰہی کے وکیل عامر سعید نے بتایا کہ مقدمے سے قبل انکوائری کرنا ضروری ہے اور تفتیش کیے بغیر مقدمہ درج نہیں ہو سکتا،ایف آئی اے کا مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے۔
مونس الٰہی کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کے مقدمے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔