بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور جامعتہ الازہرکی طرزپر قائم 100سالہ قدیم درسگاہ

اسلام آباد(صغیر چودھری) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب نےکہاہے کہ خطہ بہاولپور صدیوں سے علم و تہذیب کا مرکز رہا ہے اور مشرق وسطی اور وسط ایشیا سے آنے والے تشنگان علم کی روحانی آبیاری کرتا رہا جبکہ سابق ریاست بہاولپور کے نوابوں نے اسے علوم و فنون کا مرکز بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ آج بہاولپور کے شہروں قصبوں میں جامعات ،کالجز، سکولز اور تعلیمی ادارے نظر آتے ہیں ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بھی اس کا ثبوت ہے کہ والیان ریاست بہاولپورکی تعلیمی ترقی کےلئے بہت سنجیدہ تھے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکا قیام1879 مدرسہ صدر دینیات کے طور پر آیا ۔ نواب آف بہاولپور ایک ایسی بنیاد رکھنا چاہتے تھے جو مصرکی جامعتہ الازہرکی طرح دینی اور دنیاوی علوم کا مرکز ہو۔ 1925میں جامعہ عباسیہ کی بنیاد رکھی گئی جبکہ 1963میں فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان نے اسے جامعہ اسلامیہ کا نام دیا ۔1975میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ایکٹ کے ذریعے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکو چارٹرڈ یونیورسٹی قرار دیا گیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جرنلسٹ ایلومینائی سے خصوصی میٹنگ کے بعدروزنامہ ممتاز سے گفتگوکرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب نے کہا کہ ایلومینائی یونیورسٹی کا اثاثہ ہیں جن کی مدد اور تعاون سے یونیورسٹی کی ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔اس موقع پر صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس شہزادہ ذوالفقار، صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا،جنرل سیکرٹری راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس طارق علی ورک،سابق فنانس سیکرٹری نیشنل پریس کلب صغیر چوہدری رضا،ڈاکٹرسعدیہ کمال، نوید اکبر چوہدری، رانا عدنان، فرخ اعجاز، نوید اظہر، فہد احمدمِیسن ،محمد فراز ملک، شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکیشنز، ڈاکٹر اظہر حسین ڈائریکٹر ایلومنائی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک سو سال قدیم دانش گاہ ہے جس سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔یونیورسٹی کی ترقی میں ان کی مدد اور تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ ایلومینائی ارکان اپنے اپنے شعبوں خصوصاً پریس میڈیا میں مادر علمی کیلئے دارالحکومت میں آواز بلند کر سکتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی یونیورسٹی ہے جس میں گزشتہ تین برسوں میں طلبائ وطالبات کی تعداد 13ہزار سے بڑھا کر 57ہزار، اساتذہ کی تعداد450سے بڑھ کر 1200ہو چکی ہے۔ یونیورسٹی نے فیکلٹی کی تعداد بڑھا کر 7سے 15کر دی ہے اور مارکیٹ اور ملک کی ضروریات کے مطابق نئے شعبہ جات قائم کئے گئے ہیں۔ اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ اور اپنے ذرائع سے 12ارب روپے کے پروجیکٹ زیر تکمیل ہیں۔ ان منصوبوں کی بروقت فنڈنگ کیلئے ایلومنائی بہت موثر آواز بلندکر سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر ایلومنائی ڈاکٹر اظہر حسین نے بتایا کہ ایلومنائی نیٹ ورک کے ذریعے دنیا بھر کے ایلومنائی کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر دیا گیا ہے اور اب تک 14ہزارسابق گریجویٹس رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر ایلومنائی ارکان میں خصوصی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔