اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) امپورٹڈ سرکار کے نااہل وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور مصدق ملک کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا۔پاکستان تحریک انصاف نے نکمی، نااہل، کرپٹ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 24 روپے سے زائد کا اضافہ مسترد کردیا ۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار کی جانب سے ایک ماہ سے بھی کم مدت میں پٹرول کی قیمت میں تیسرا اضافہ نہایت شرمناک ہے، بیرونی سازش سے مسلط حکومت قوم سے غلامی کی قیمت وصول کررہی ہے، بےشرم نہایت ڈھٹائی اور سفاکیت سے عوام کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑنا چاہتے ہیں، ”چور سپیڈ“ سنگدلی اور سفاکیت میں تمام حدیں عبور کررہا ہے، تیاری نہیں تھی تو کٹھ پتلیوں کو سازش کا حصہ بننے کی کیا ضرورت تھی، آٹھ ہفتے پہلے تک عمران خان عالمی مہنگائی اور عوام کے درمیان ڈھال بنے کھڑا تھا۔فرخ حبیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود عمران خان عوام کو سستا ترین تیل بھی دے رہا تھا اور معیشت بھی 6 % پر ترقی کررہی تھی، امپورٹڈ وزیرخزانہ کو یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ عمران خان عالمی مہنگائی کے باوجود سستا تیل مہیا کررہا تھا، رتی بھر شرم نہیں آئی، بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے عمران خان کو ہٹا کر ملک کو آئی ایم ایف کے قدموں میں ڈال دیا، دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے والے اپنے ڈاکے کو ”مشکل فیصلوں“ کا نام دیتے ہیں، قوم کی جیبوں پر اس گھناؤنے ڈاکے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، قوم چوروں کی غلامی کی مزید قیمت قطعاً ادا نہیں کرے گی، سفاک، نااہل، نالائق اور کرپٹ کٹھ پتلیوں کیخلاف فیصلہ کن اقدام کا وقت آن پہنچا ہے، عوام ظالموں کے آگے جھکنے کی بجائے عمران خان کے ساتھ نکلنے کو تیار کھڑے ہیں، امپورٹڈ سرکار بےحیائی ترک کرے اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔
تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا








