واشنگٹن:امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں امریکہ کے طول و عرض میں بسنے والے اور پھر دنیا میں مقیم تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان تاریخ کا ایک معجزہ ہے کہ کس طرح سات سال کے قلیل عرصے میں مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے لئے ایک آزاد وطن اور ایک آزاد مقام حاصل کیا ۔ جو عزت ہم نے سات سال کی ا ُس جدوجہد کے نتیجے میں کمائی تھی اس کی ہمیں آئندہ آنے والی نسلوں تک پاسداری کر نی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ امریکہ کے طول و عرض میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے پاکستان آج بھی، کل بھی ان کے تشخص کی اساس ہے اور انہیں ہمیشہ ایسا مثبت رویہ اپنانا چاہیے جو پاکستان کے عزت و وقار میں نہ صرف اضافہ کرتا رہے بلکہ یہاں پر ان کی قومیت ، ان کی پہچان کو بھی فروغ دیتا رہے۔ ایسا مثبت رویہ جو صرف اور صرف پاکستان سے متعلق ہو ۔ کسی بھی لسانی، سیاسی یا دیگر فروعی اختلافات سے بالاتر ہو ۔
انہوں نے کہاکہ آئیے ہم سب مل کر نہ صرف پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں بلکہ پاکستان اور امریکہ، جو دو عظیم قومیں ہیں، ان کے تعلقات کی بہتری کے لیے بھی ہم میں سے ہر شخص اس پل کا کردار ادا کرے جو بہت ضروری ہے مستقبل کے حوالے سے اور حال کے حوالے سے۔ پاکستان زندہ باد
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی بہتری ضروری ہے،رضوان سعید شیخ








