راولپنڈی (وقار حسین کاظمی)وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود نے جمعرات کی شام راولپنڈی جی پی او کا اچانک دورہ کیا ۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر) خرم آغا بھی تھے۔وفاقی وزیر کے پہنچنے تک افسران اور ڈے شفٹ کا بیشتر عملہ جا چکا تھا۔وزیر مواصلات نے نائٹ شفٹ کاؤنٹرز پر موجود صادفین سے پوسٹل سروسز کے معیار اور سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر موجود سینئر پوسٹ ماسٹر اکرام اللہ نے پوسٹل سروسز کے حوالے سے وزیر مواصلات کو پریفنگ دی۔موقع پر موجود عملے نے بتایا کہ پوسٹل سروسز کو ڈیجیٹلائز کرنا اور عملے کی کمی فوری دور کرنے پر فوری توجہ دی جائے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کل ہی یہاں کا دورہ کریں اور تمام مسائل اور تجاویز پر رپورٹ پیش کریں۔ معلوم ہوا ہے کہ اچانک دورے کی خبر سن کر اعلیٰ افسران کی دوڑیں لگ گئیں تاہم ان کے پہنچنے تک وفاقی وزیردورہ مکمل کرکے روانہ ہو چکے تھے ۔
وزیر مواصلات کاراولپنڈی جی پی او کا اچانک دورہ ، صادفین سے سہولتوں بارے دریافت کیا








