اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مادرپدر آزادی نہیں دی جاسکتی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے اور بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 12کروڑ لوگوں کے پاس ڈیوائسز ہیں وہ سوشل میڈیا استعمال کرسکتے ہیں، سوشل میڈیا پر مادرپدر آزادی نہیں دی جاسکتی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ صحافی فرحان ملک کو بلاکر سوال پوچھے گئے تو اُن کے پاس جواب نہیں تھے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف دہشت گردی کے خلاف سب کو ایک پیج پر لائے تھے، اب ہم ایک بیانیہ بنانے میں ناکام کیوں ہیں؟ 2018 کے بعد سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہوا؟
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ 26 سو کلومیٹر بارڈر کی حفاظت دونوں ممالک کی ذمے داری ہے ، افغانستان کی طرف سے سرحد کی حفاظت نہیں کی جاتی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ بعض اوقات بڑی حساس معلومات صوبوں کی دی جاتی ہیں، سندھ اور پنجاب میں ان معلومات پر سی ٹی ڈی کارروائی کرتی ہے۔
سوشل میڈیا پر مادر پدر آزادی نہیں دی جاسکتی، طلال چوہدری








