حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ رکھ کر درآمدی بل میں اضافہ روکنے کا منصوبہ بنالیا، جس کے تحت پیٹرولیم لیوی کی شرح بلند رکھ کر طلب بڑھنے کا راستہ روکا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات اور پیٹرولیم لیوی کا فارمولا تیار کرنےکاپلان بنالیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پرتیل کی قیمتیں بڑھنے سے درآمدی بل میں اضافہ ہوتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی راشننگ کرکے درآمدی بل کوقابو میں رکھا جاسکتا ہے، زیادہ قیمتوں کےذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کوبڑھنےسے روکا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق تیل کی زیادہ قیمتوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کم کرنےسےکھپت میں اضافہ ہوگا، حکومت کا پلان ہےکہ پیٹرولیم لیوی کے ریٹس میں تسلسل اورشفافیت کوبرقرار رکھا جائے، موثر مالی انتظام کے لیے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں تسلسل برقرار رکھنےکامنصوبہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں کسی بھی ردوبدل سےعوام اورپارلیمنٹ کوآگاہ رکھنےکا پلان ہے، اس سے زیادہ قیمتوں کے وقت بھی سیاسی سپورٹ کوبرقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ عید الفطر کے موقع پر 28 مارچ کو حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپے کمی کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔









