بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مقتدر حلقوں سے بہتر تعلقات کیلئے کوشش کی جائے گی،عمران ، اعجاز الحق ملاقات میں اتفاق

راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ محمداعجازالحق نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، بڑھتی ہوئی مہنگائی ، ضمنی انتخابات اور آئی ایم ایف کے سامنے موجودہ حکومت کے گھٹنے ٹیکنے اور ناکامی بارے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں طے پایا کہ مقتدر حلقوں کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے کوشش کی جائے گی اور اگر موجودہ حکومت نے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کاکوئی منصوبہ بنایا تو اسے ہرصورت ناکام بنایا جائے گا۔
اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ موجودہ بحران کاواحد حل فوری اور صاف وشفاف الیکشن ہیں، جتنے جلدی نئے انتخابات ہو جائیں گے تو ملک اس دلدل سے نکل آئے گا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی کا کسی بھی سطح پر ہمارے دور سے موازنہ کیاجائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن تھا،ڈالر، پٹرول اور بجلی سمیت ہرچیز اب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے اور مہنگائی کاجو طوفان آیاہے اس میں غریب عوام پس چکے ہین۔
عمران خان نے کہاکہ افواج پاکستان کی ملک کیلئے بڑی خدمات اورقربانیاں ہیں، میرے دل میں افواج پاکستان کی بہت عزت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری رپورٹ پر فیٹف نے پاکستانی ایکشن کو مکمل قرار دیا اور پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کاسہرا پی ٹی آئی حکومت کوجاتاہے۔