بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی مستونگ میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے اس حملے میں ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں، بالخصوص ملک کے مستقبل یعنی بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے کام کرنے والی ٹیموں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، اور ان دہشتگردوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے حکومت پاکستان کے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اور اسے ہر صورت میں مکمل تحریک، جذبے اور سیکیورٹی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان واقعات سے مایوس نہ ہوں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کا محفوظ مستقبل ہی ایک مضبوط اور صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔