بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کی جانب سے  حملے کا خطرہ، پاکستان ہائی الرٹ پر ہے،وزیر دفاع

اسلام آباد:وزیرِ دفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے فوجی کارروائی کسی بھی وقت ممکن ہے۔
پیر کو خبر رساں ادارے رؤٹرز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ گذشتہ ہفتے کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد انڈیا کی طرف سے فوجی کارروائی کسی بھی وقت ہو سکتی ہے کیونکہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی تیاری کر لی ہے کیونکہ اب یہ خطرہ بہت قریب محسوس ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں حکمتِ عملی کے حوالے سے کچھ اہم فیصلے کرنا ضروری تھے، جو کر لیے گئے ہیں۔‘
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بیانات میں سختی آ رہی ہے اور پاکستان کی فوج نے حکومت کو ممکنہ انڈین حملے کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے۔ تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ انھیں بھارتی کارروائی کے فوری خدشے کا یقین کیوں ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہائی الرٹ پر ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف اسی صورت میں کیا جائے گا جب ملک کے وجود کو براہِ راست خطرہ لاحق ہو۔
علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور طاقت سے جواب دیا جائےگا، دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجیں کھڑی ہیں، چند روز میں جنگ کا خطرہ ضرور موجود ہے لیکن کشیدگی کم بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ میں نے اپنے انٹرویو میں یہ نہیں کہاکہ 3 سے 4 روز میں جنگ چھڑ جائےگی، میری بات کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور طریقے جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تینوں مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیشکش کا بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر بھارت کا جھوٹ بے نقاب کیا جائے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں، اور جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
دونوں ملکوں نے اپنی افواج سرحدوں پر تعینات کردی ہیں، جبکہ لائن آف کنٹرول پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔
پاکستان نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر ایسا جواب دیا جائےگا کہ تاریخ یاد رکھی گی، یہ میزائل ہم نے چوکوں میں سجانے کے لیے نہیں بنائے۔
دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کسی ممکنہ مس ایڈونچر کا جواب دینے کے لیے پاکستان نے بھی سرحد پار سیکڑوں اہداف کا تعین کرلیا۔
بھارت کے کسی حملے کے جواب میں ان اہداف کو منٹوں کے اندر نشانہ بنایا جائے گا۔
پاکستان نے حالیہ کشیدگی کا آغاز نہیں کیا،نہ ہی پاکستانی ریاست کا پہلگام واقعے میں کوئی ہاتھ ہے۔
ابھی تک پاکستان کے کسی نان اسٹیٹ ایکٹر کے بھی اس واقعے میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔