اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے “فتح” میزائل کی کامیاب تربیتی لانچ پر مسلح افواج، دفاعی سائنسدانوں اور انجینئرز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف، اور میزائل کی تیاری میں شامل تمام ماہرین کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کا دفاع نہایت مضبوط اور قابلِ اعتماد ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کے عزم پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیاب تجربہ قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی طرف ایک اور اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور دفاع کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔









