بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبر پختونخوا : بھارتی ایجنسیوں کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے9 دہشتگردہلاک ،2جوان شہید

راولپنڈی:سکیورٹی فورسزنے بھارتی ایجنسیوں کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے نو دہشت گردوں کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں جھڑپوں کے دوران واصلِ جہنم کر دیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔  اس دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کی پشت پناہی کے حامل پانچ  خوارج واصلِ جہنم ہوئے۔ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جس میں دو خوارج کو کامیابی سے ٹھکانے لگا دیا گیا۔اسی طرح ایک اور واقعہ شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے میر علی میں پیش آیا، جہاں خوارج نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا۔  فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو   خوارج کو واصلِ جہنم کر دیا۔ تاہم، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو بہادر سپوت، سپاہی فرہاد علی توری (عمر: 29 سال، رہائشی ضلع کرم) اور لانس نائیک صابر آفریدی (عمر: 32 سال، رہائشی ضلع کوہاٹ) مادرِ وطن پر قربان ہو کر شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادر وطن کو ہندوستانی پراکسی دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔