بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردیدثبوت

اسلام آباد(طارق محمودسمیر) وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغااور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خضدر میں سکول بس پر حالیہ حملے سمیت بھارتی پشت پناہی سے ہونے والے دہشت گردی کے دیگر واقعات کی تفصیلات اورشواہدپیش کئے ، ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہاکہ فتنہ الہندوستان جان بوجھ کر معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنارہاہے ،ان کاکہناتھاکہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاع کررہا ہے اور گزشتہ 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے کہاکہ بلوچ دہشت گردتنظیموں کو بھارت کی طرف سے فنڈنگ ہی نہیں اسلحہ بھی فراہم کیاجاتاہے، دنیا میں امن کے قیام کے لیے ریاستوں کے درمیان باہمی احترام، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور داخلی و خارجی خودمختاری کی اہمیت مسلمہ ہے،مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بھارت، جو ایک بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے، مسلسل ایسے اقدامات کر رہا ہے جو نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ اس کی پالیسیوں سے یہ واضح ہورہاہے کہ وہ دہشت گردی کو بطورہتھیار استعمال کر رہا ہے، بھارتی ریاستی ادارے منظم طریقے سے ریاستی دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، بھارت صرف پاکستان میں ہی دہشت گردی میں ملوث نہیں ملک دنیادیگرممالک میں بھی اس کی دہشت گردی بے نقاب ہوچکی ہے، کینیڈا، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک میں سکھ رہنماؤں اور مخالف آوازوں کو قتل کرنے کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی بین الاقوامی سطح پر بھی دہشت گردی میں ملوث ہے،خاص طورپربھارت میں بی جے پی کے برسراراقتدارآنے کے بعدسے بھارتی دہشت گردی کادائرہ وسیع ہوتاگیا،بھارت صرف دوسرے ملکوں میں دہشت گردی میں ہی ملوث نہیں بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا، انسانی حقوق کی پامالی، اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز پالیسیوں نے بھی بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے، پاکستان متعدد بار عالمی برادری کے سامنے شواہد کے ساتھ یہ معاملہ اٹھا چکا ہے کہ بھارت نہ صرف پاکستان کے اندر دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے بلکہ اس کی خفیہ ایجنسی مختلف دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کر کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے مگرافسوسناک امریہ ہے کہ عالمی برادری تمام ترحقائق سے آگاہ ہونے کے باوجودبھارتی دہشت گردی کے معاملے پر مصلحت کاشکارہے جس کی بڑی وجہ ان کے مفادات ہیں، تاہم دنیاکو اس حقیقت کاادراک کرناچاہئے کہ بھارت کی طرف سے دہشت گردی کو بطورریاستی پالیسی استعمال کرنے کی پالیسی عالمی امن کے لئے خطرہ بنتی جارہی ہے اوراس کے آگے بند نہ باندھ گیاکہ توآج مفادات کی بنیادپرمجرمانہ خاموشی اختیارکرنے والے بھی کسی بڑے نقصان سے محفوظ نہیں رہیں گے، لہذامفادات کی بجائے انسانیت کے تحفظ کو مقدم رکھاجائے، عالمی برادری کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لے، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو بھی اس پر سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے، امن کے دعویدار ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ اپنے مذموم عزائم سے باز آئے اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔