اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی، جس میں عطا اللہ تارڑ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وفاقی وزیر کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ عطا اللہ تارڑ کا دورہ ذاتی نوعیت کا تھا اور اس کا انتخابی مہم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
انہیں ذاتی دعوت دی گئی تھی، جس پر وہ تقریب میں شریک ہوئے۔ وکیل نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اور ذمہ دار پارلیمان ہیں، ایسا کوئی کام نہیں کر سکتے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔
انہوں نے کمیشن کے سامنے غیر مشروط معذرت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو کمیشن کے سامنے پیش کرتے ہیں اور تحریری جواب بھی جمع کرا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:مدارس و جدید تعلیمی نظام میں ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے: احسن اقبال
عطا اللہ تارڑ نے بھی کہا کہ جس تقریب میں انہوں نے شرکت کی وہاں کوئی انتخابی امیدوار موجود نہیں تھا اور وہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں۔








