فرینکفرٹ: بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ کے خدشات کو مسترد کر دیا ۔
جرمن اخبار’’ فرینکفرٹر الگمائنے سائٹونگ ‘‘کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی وزیرخارجہ نے ایسے بیانیوں کو حیران کن اورانتہائی تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ پہلگام میں دہشت گرد حملے کے جواب میں بھارت کا ردعمل محتاط اور غیر اشتعال انگیز تھا جس کا مقصد صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنانا تھا۔
ان کاکہناتھاکہ کبھی بھی ایٹمی سطح تک نوبت نہیں آئی، ایک بیانیہ بنایا جا رہا ہے کہ جیسے دنیا کے اس حصے میں جو کچھ بھی ہوتا ہے، وہ سیدھا ایٹمی مسئلے کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ بات مجھے بہت پریشان کرتی ہے کیونکہ اس سے دہشت گردی جیسے سنگین مسائل بڑھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو ایٹمی مسئلے کے حوالے سے آپ کے خطے میں کہیں زیادہ کچھ ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ابتدائی تنازعے کے بعد سے صورت حال پچھلے دو ہفتوں سے مکمل طور پر مستحکم ہے۔
ایک سوال پر بھارتی وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم نے وہی کیا جو ہم نے کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ ہم نے دہشت گردوں کو ایک واضح پیغام دیا کہ ایسے حملے کرنے کی قیمت چکانی پڑتی ہے، جیسے انہوں نے کشمیر میں پر کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا چین نے اس تنازعے میں کوئی کردار ادا کیا، تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ جانتے ہیں، پاکستان کے پاس جو بہت سے ہتھیاروں کے نظام ہیں وہ چینی ساختہ ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات بہت قریبی ہیں آپ خود ہی اس سے نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں۔









