نئی دہلی: بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک بارپھر کشمیرسے متعلق ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتےہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ بھارتی خاندان کا حصہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ رضاکارانہ طور پر بھارت کے مرکزی دھارے میں شامل ہو جائیں گے۔

سی آئی آئی بزنس سمٹ سے خطاب کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت آزادکشمیرکے لوگوں کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہے، وہ ہمارے بھائی ہیں، جو آج جغرافیائی اور سیاسی طور پر ہم سے جدا ہیں، وہ بھی ایک دن اپنے ضمیر کی آواز سن کر بھارت کی مرکزی دھارے میں واپس آئیں گے۔
پاکستان کے حوالے سے بھارت کی پالیسی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نئی دہلی نے دہشت گردی کے خلاف اپنی حکمت عملی اور ردعمل کونئے سرے سے ترتیب دیا ہے اور اس کی نئی تعریف کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ساتھ ممکنہ بات چیت صرف دہشت گردی اورآزادکشمیر کے معاملے پر ہی ہو سکتی ہے۔انہوں نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج اور بھی بہت کچھ کر سکتی تھی، لیکن طاقت کے ساتھ ضبط وتحمل بھی بھی ضروری ہے۔









