راولپنڈی( ممتازنیوز) جڑواں شہروں میںبدھ کو بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا، جس سے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی جب کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کے اطراف رہائشی و کمرشل علاقوں اور راولپنڈی میں اندرون شہر گلیاں اورسڑکیں تالابوںاور جوہڑوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، معمولات زندگی بری طرح متاثر۔
تفصیلات کے مطابق ٞ راولپنڈی اور اسلام آباد میںبارش سے نشیبی علاقے ایک بار پھر زیر آب آگئے ۔ راولپنڈی میں ڈپٹی کمشنر اورایم ڈی واسانالہ لئی سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے رہے لیکن ایکسپریس وے کے پار ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ نے اسلام آباد کے نشیبی علاقوںمیںسڑکوں اور گلیوں میں جمع شدہ گندے پانی میں نکلنے اور شہریوں کی تکالیف کا جائزہ لینے کی زحمت گوارا نہ کی۔ بدھ کی صبح شروع ہو کر تمام دن جاری رہنے والی بارش سے ہائی وے کے قریب کھنہ ڈاک ، کھنہ ایسٹ ، مدینہ ٹائون ، مدنی ٹائون سردارفرمان ایونیو ،راجہ نصیب اللہ ٹائون شکریال ایسٹ ، اقبال ٹائون سمیت ملحقہ علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی گلیوں اور سڑکوں میں جمع ہو گیا۔
اہلیان علاقہ کے مطابق گزشتہ3 دہائیوں سے کسی بھی وفاقی یا مقامی حکومت نے اس علاقے کی بہتری پر کوئی توجہ نہ دی سی ڈی اے اس علاقے کی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں جبکہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ملنے والے فنڈز میں سے ایک پائی علاقے پر خرچ نہیں کی گئی یہاں کے مکین نالوں و نالیوں کی صفائی ،کوڑا کرکٹ تلف کرنے ، سیوریج اورآبنوشی سمیت تمام کام اپنی مدد آپ کے تحت کرتے ہیں اور بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وفاقی دارلحکومت کا علاقہ ہونے کے باوجود یہ علاقہ پاکستان کا حصہ ہی نہیں ۔
ادھرمسلسل بارش کے باعث مری روڈ پر فیض آباد فلائی اوور اور کمیٹی چوک انڈر پاس سمیت مختلف چوراہوں ، سڑکوں اورنشیبی علاقوں میں 2،2فٹ پانی گلیوں اور سڑکوں پر جمع ہو گیا پر پانی جمع ہوگیا اس موقع پر صادق آباد ،جامع مسجد روڈ ،ندیم کالونی ،جاوید کالونی،ڈھوک کھبہ ،ڈھوک رتہ، ڈھوک نجو، خیابان سرسید پیرودھائی اور آریہ محلہ سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں گلیوں میں پانی بھر گیااگرچہ واسا کی تیمیں جمع شدہ پانی کو نکالنے کے لئے امدادی کاروائیاں کرتی رہیں لیکن مون سون سے قبل نالوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہر کے بیشتر علاقے تالابوں اور جوہڑوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے بارش کے دوران نالہ لئی کا دورہ کیا اور نالہ لئی کے مقام پر انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر ایم ڈی واسا محمد تنویر بھی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ تھے واسا کے ترجمان کے مطابق جڑواں شہروں میں بدھ کی سہ پہر تک مجموعی طور پر 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پرپانی کی سطح ساڑھے8 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے5 فٹ بلندہو چکی ہے ۔
ترجمان کے مطابق گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 8 فٹ ہونے پر پری الرٹ جاری کیا جائے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر نے کہا کہ مسلسل بارش کے باعث راولپنڈی میں ہائی الرٹ جاری کر کے متعلقہ عملہ ہیوی مشینری سمیت شہر کے نشیبی علاقوں میں بھجوا دیاا۔یم ڈی واسا نے نالہ لئی کا بھی دورہ کیا جہاں پانی کی سطح بدستور بلند ہوتی رہی۔ اس موقع پرایم ڈی واسا نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے جہاں فصلوں کو فائدہ ہوا وہاں زیر زمین پانی کے ذخائر میں اضافے کی بھی امید ہے جس سے شہر بھر کے ٹیوب ویلوں کے ری چارج میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کی بھی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے ۔









