بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران نے قطر،عراق، شام ،بحرین میں امریکی اڈوں پر میزائل داغ دیئے

ایران نے  جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا جواب دیتے ہوئے قطر،عراق، شام اور بحرین میں امریکی اڈوں پر میزائل داغ دیئے۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق ایران نے قطر میں امریکی اڈوں پر چھ میزائل فائر کیے ۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آسمان پر فلیئرز دکھائی دیئے جب کہ دھماکوں کی زور دار آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
ادھرعراق میں بھی امریکی اہداف کو نشانہ بنایاگیاہے۔

اسرائیلی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق شام اوربحرین میں بھی امریکی اڈوں پر میزائل داغے گئے۔

پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی  ۔

ایرانی میڈیاکے مطابق امریکی اڈوں کے خلاف آپریشن بشارت الفتح کے تحت کارروائی کی گئی۔

قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی اڈے پر داغے گئے میزائلوں کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا۔
قطر نے امریکی اڈے پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ العدید بیس پر حملہ قطر کی خودمختاری، فضائی حدود اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ریاست قطر میں بین الاقوامی قانون کے مطابق اس صریح جارحیت کا براہِ راست جواب دینے کا اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ قطری فضائی دفاع نے حملے کو ناکام بناتے ہوئے ایرانی میزائلوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ حملہ برادر ملک قطر کے خلاف نہیں ہے۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ العدید ایئر بیس پر میزائل حملہ قطر کے رہائشی علاقوں سے دور تھا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے کہاہے کہ وہ امریکی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے قطر میں فوجی اڈے پر حملے کے وقت سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سچویشن روم میں موجود رہے۔   رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی صدر کے ساتھ وزیر دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان بھی سچویشن روم میں رہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے  قطر نے خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے پیش نظر اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ ایران کی جانب سے اپنی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکا کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکیوں کے تناظر میں کیا گیاتھا۔
قطر میں امریکی اور برطانوی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ اگلے اعلان تک محفوظ مقامات پر رہیں۔
قطر میں متعدد اسکولوں کو بھی کل کے لیے بند کرنے کا حکم دیا گیا  ۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران قطر میں العدید ایئربیس پر حملہ کرسکتا ہے۔  امریکا العدید ایئربیس پہلے ہی خالی کر چکا ہے اور امریکی اور برطانوی جنگی طیارے دوسری جگہ منتقل کر دیئے گئے  ۔