سندھ کے وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے صوبے کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت 100 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کی جانب بڑھ رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سیپرا (SIPRA) کے قیام سے مفت بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کی پیدا کردہ بجلی کا ٹیرف بھی اب صوبہ خود مقرر کرے گا۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اور صاف توانائی فراہم کرنے کے لیے سکھر اور لاڑکانہ میں سولر پارکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی حیسکو (HESCO) اور سیپکو (SEPCO) کو مہیا کی جائے گی، جب کہ پہلے ہی کے الیکٹرک کو سندھ حکومت کے سولر پارک سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیپکو اور حیسکو کے بورڈز میں سندھ حکومت کے نمائندے شامل ہیں، تاہم کے الیکٹرک کے بورڈ میں صوبائی حکومت کی نمائندگی موجود نہیں، جو کہ ایک خلا ہے۔ اسی طرح او جی ڈی سی ایل کے بورڈ میں بھی صرف وفاقی حکومت کا نمائندہ ہوتا ہے، جب کہ صوبائی سطح پر بھی نمائندگی ہونی چاہیے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ان سے سندھ کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد مختلف افواہیں پھیلائی گئیں، جیسے کہ حکومت کی مدت دس سال ہوگی، جو محض شوشے ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ “صدر کی تبدیلی” کا شوشہ بھی بے بنیاد ہے۔ آصف زرداری اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمیں پرائم منسٹر ہاؤس کا راستہ بھی آتا ہے، اگر صدر ہاؤس چھوڑیں گے تو سیدھے وزیراعظم ہاؤس جائیں گے۔








