سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں اعلیٰ سطح اجلاس ہواجس میں بارز اور لاء کمیشن کے روابط پر غور کیا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے درمیان تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا،انہوں نے ہر صوبے میں لاء کمیشن کے نمائندے تعینات کرنے کا اعلان کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو انصاف کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری برانچ میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں بار ایسوسی ایشنز اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے درمیان تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ اجلاس میں انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان اور بلوچستان ہائیکورٹ کے رجسٹرار، سپریم کورٹ بار، پاکستان بار اور بلوچستان بار کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں وفاقی و صوبائی محکموں، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکام بھی شریک ہوئے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک کے ہر صوبے میں لاء کمیشن کے نمائندے تعینات کرنے کا اعلان کیا، جو ضلعی بارز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں کم ترقی یافتہ اضلاع میں عدالتی بنیادی ڈھانچے کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ضلعی سطح پر انصاف کی فراہمی کے منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی۔
غریب سائلین کیلئے مفت قانونی نمائندگی اعلان
چیف جسٹس نے غریب سائلین کو مفت قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا، وکلاء کو ریاست کے خرچ پر 50 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق قانونی معاونت کا دائرہ سپریم کورٹ تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا، بارز سے اہل وکلاء کے نام نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے وکلاء کی تربیت کے لیے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے پروگرامز سے فائدہ اٹھانے پر زور اور تربیتی کیلنڈر بارز کو وسیع پیمانے پر تقسیم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اعلامیہ کے مطابق کراچی میں ہونے والے اگلے اجلاس میں بارز کو درپیش مسائل پر مزید مشاورت کی جائے گی۔ چیف جسٹس نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو انصاف کے نظام کی بہتری کے لیے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے مشترکہ اقدامات کی اپیل کی۔
چیف جسٹس کی کوئٹہ آمد
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنے پہلے دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے، دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری آمد پر ان کا استقبال کیا گیا تھا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 بینچ کوئٹہ رجسٹری میں مختلف نوعیت کے کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔
بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں جبکہ بینچ نمبر 2 جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل ہے۔
چیف جسٹس کے اس دورے کو عدالتی نظام کی بہتری اور بلوچستان میں زیر التواء مقدمات کی مؤثر سماعت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








