اسلام آباد(صغیر چوہدری) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سی ڈی اے کی واٹر کاسٹ، شناختی کارڈز کی بندش اور جعلی فیملی ٹری سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔سینٹر طلال چوہدری نے انکشاف کیا کہ شناختی کارڈ کے حصول میں بڑے پیمانے پر جعل سازی سامنے آئی ہے بہت سے غیر ملکیوں نے پاکستانی شہریت رکھنے والوں کی فیملی ٹری میں اپنے نام شامل کروائے جنہیں ٹریس کیا گیا اس میں نادرا کے لوگ بھی ملوث تھے انکے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیجا گیا اور ملازمت سے فارغ کیا گئا۔ سینیٹر فوزیہ ارشد نے اسلام آباد میں پانی کی کم ہوتی سطح کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش کی، جبکہ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے شناختی کارڈز کی بلاکنگ پر سوالات اٹھائے۔سینیٹر محسن عزیز نے بارہا توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرانے کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بلوچستان میں پولیو کیسز، ویکسین سے متعلق منفی پراپیگنڈے اور پولیو وائرس کی موجودگی پر بریفنگ دی۔قائداعظم یونیورسٹی میں سمر سیشن ختم کیے جانے اور ہاسٹل خالی کرانے پر طلبا کو درپیش مسائل پر بھی بحث ہوئی۔ وزیر مملکت بیرسٹر عقیل نے مسئلہ جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پی آئی اے کے کرایوں میں اضافے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کا کرایہ ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جو کسی طور بھی مناسب نہیں۔اے این پی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے سوات میں حالیہ سانحہ، دریائے سوات کی حدود، ایف سی کی وفاق میں تعیناتی، اور پختونوں کو درپیش مسائل پر اظہارِ خیال کیا۔باجوڑ واقعے کو بھی ایوان میں اٹھایا، جس پر ڈپٹی چیئرمین نے رپورٹ طلب کر لی۔سینیٹر دنیش کمار نے ڈاکٹروں کی بے جا دوا نویسی، مہنگی ادویات، اور کمیشن کے کلچر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے معاملہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش کی، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔چیئرمین سینیٹ نے صحافی طارق ورک کے ساتھ پیش آئے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے سپرد کر دیا، جبکہ میڈیا سے رابطے کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔سینیٹ کا اجلاس جمعہ، صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
شناختی کارڈاجراء میں گھپلے، غیر ملکیوں کو پاکستانی شہریت رکھنے والوں کی فیملی ٹری میں شامل کئے جانے کاانکشاف








