بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چوریاں کرنے والی گھریلو ملازمہ عمران خان کے ہاتھوں ایوارڈ یافتہ نکلی

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک گھر میں چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازمہ مہرین کے بارے میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نہ صرف متعدد چوریوں میں ملوث ہے بلکہ ماضی میں اسلام آباد جیل میں قید کے دوران اسے سابق وزیراعظم عمران خان کے ہاتھوں ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

نشہ دے کر اہل خانہ کو بے ہوش کیا، لاکھوں کی چوری
دسمبر 2024 میں شہری شوکت محمود نے ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ مہرین نے چائے میں نشہ آور دوا ملا کر اہل خانہ کو بے ہوش کیا اور پھر طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئی۔ چوری سے ہونے والا مجموعی نقصان 65 لاکھ روپے سے زائد تھا۔

فیروز آباد میں گرفتار، دیگر تھانوں میں بھی مقدمات درج
تفتیشی حکام کے مطابق مہرین کو پہلے فیروز آباد تھانے کی حدود میں ایک اور چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر ڈیفنس مقدمے کے مدعی بھی تھانے پہنچے اور ملزمہ کو شناخت کر لیا، جس کے بعد ڈیفنس پولیس نے بھی اپنی ایف آئی آر میں باقاعدہ گرفتاری ڈال دی۔

لاہور، کلفٹن، گذری میں بھی وارداتیں
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مہرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ لاہور میں بھی متعدد مقدمات میں مطلوب رہی ہے۔ کراچی کے دیگر علاقوں، خصوصاً کلفٹن اور گذری میں بھی وہ چوریاں کر چکی ہے، جن میں کروڑوں روپے کے نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔ فی الحال وہ فیروز آباد تھانے میں تین چوریوں کے مقدمات میں گرفتار ہے۔

جیل میں ہنر مندی، عمران خان کے ہاتھوں ایوارڈ
ملزمہ نے دورانِ تفتیش یہ حیرت انگیز انکشاف کیا کہ اسلام آباد جیل میں قید کے دوران اسے جیل میں سلائی اور ہنر مندی کے کاموں پر ایوارڈ دیا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ اسے اُس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے ہاتھوں ملا تھا، جو کہ اُس کی فنی مہارتوں کا اعتراف تھا۔

نیٹ ورک کا انکشاف متوقع
پولیس کا کہنا ہے کہ مہرین سے تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ وہ اپنے نیٹ ورک اور دیگر وارداتوں کے بارے میں مزید انکشافات کرے گی۔ پولیس حکام اس کیس کو سنگین اور منظم چوریوں کے نیٹ ورک سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔