بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینس ایکٹ 25″ کی منظوری

پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے “پنجاب کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینس ایکٹ 25” کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے میں “پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس” قائم کی جائے گی۔

اس فورس کی سربراہی ایک حاضر سروس یا ریٹائرڈ فوجی افسر (ڈی جی رینک) کے سپرد ہوگی، جبکہ اسے پولیس جیسے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے، جن میں تفتیش، گرفتاری، اور بغیر وارنٹ چھاپے شامل ہیں۔

نئی فورس کا خصوصی فوکس تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی روک تھام پر ہوگا۔ ایکٹ کے مطابق، پنجاب فارنزک ایجنسی کی رپورٹس عدالت میں قابل قبول شہادت تصور ہوں گی، اور منشیات سے جُڑے مشتبہ اثاثے ضبط کیے جا سکیں گے، جنہیں نیلام کر کے ایک خفیہ فنڈ میں شامل کیا جائے گا۔ یہ فنڈ انسداد منشیات کارروائیوں کے لیے استعمال ہوگا۔

حکومت کو منشیات کی فہرست میں ترمیم اور قواعد و ضوابط بنانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ ہر ضلع اور تحصیل میں نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جبکہ صوبائی سطح پر ڈیٹا مرتب کرنے اور وفاقی و دیگر اداروں کے ساتھ معلومات کے تبادلے کو لازم قرار دیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق، اگر مشتبہ افراد یا اثاثوں کی شناخت میں معمولی غلطی ہو، تو اس بنیاد پر نوٹس یا آرڈر کالعدم نہیں ہوگا۔ فورس کے اہلکاروں کے لیے مخصوص یونیفارم تجویز کی گئی ہے اور نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات پر قانونی تحفظ دیا جائے گا۔ تاہم، غلط ایف آئی آر درج کرنے والے اہلکاروں کو سزا دی جائے گی۔

قانون میں منشیات اور ممنوعہ ادویات کی بین الاقوامی فہرست شامل کی گئی ہے، اور سابقہ انسداد منشیات قوانین کے تحت کیے گئے اقدامات نئے قانون کے تحت جائز تصور ہوں گے۔