بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تھر کول مائننگ کو ڈیزل سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کا آغاز ہوگیا

وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں تھر کول مائننگ آپریشنز کو مہنگے درآمدی ڈیزل کے بجائے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کے اہم منصوبے پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے پاکستان کو سالانہ 25 سے 30 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر برائے توانائی کی زیرِ صدارت تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کی الیکٹریفیکیشن کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر کے عملی کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کی تکمیل کی مدت کو 2028 کے آخر کے مقررہ ہدف سے آٹھ سے نو ماہ پہلے لا کر اب اپریل 2028 تک مقرر کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے اس منصوبے کو عملی نفاذ میں داخل کر دیا ہے، جس کے تحت اسلام کوٹ گرڈ اسٹیشن سے 132 کے وی ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کے ذریعے دونوں بلاکس کے مائننگ آپریشنز کو قومی گرڈ سے منسلک کیا جائے گا اور کان کنی کی سائٹس کو تقریباً 60 میگاواٹ سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں تھر کول اینڈ انرجی بورڈ (ٹی سی ای بی)، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی)، سائنو سندھ ریسورسز لمیٹڈ (ایس ایس آر ایل)، پاور ڈویژن اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس اقدام کے براہِ راست معاشی ثمرات کا احاطہ کرتے ہوئے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کی تکمیل سے روزانہ تقریباً 25 ملین روپے مالیت کے ڈیزل کی بچت متوقع ہے اور کوئلے کی پیداواری لاگت میں تقریباً 0.70 ڈالر فی ٹن کمی آئے گی، جس سے بجلی کی خریداری کی مجموعی لاگت بھی کم ہوگی۔ کان کنی کے آپریشنز کے لیے ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی موجودہ لاگت تقریباً 33 سینٹ فی کلو واٹ آور ہے جو قومی گرڈ سے منسلک ہونے کے بعد 60 فیصد سے زائد کمی کے ساتھ محض 13 سینٹ رہ جائے گی۔ اس وقت کان کنی کے عمل میں روزانہ دو سے ڈھائی لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہو رہا ہے، جس میں صرف پانی کے اخراج (ڈی واٹرنگ) کے لیے تقریباً 35 ہزار لیٹر ڈیزل صرف ہوتا ہے تاہم اب اس بڑے حصے کی جگہ سستی مقامی بجلی استعمال ہوگی۔

ماحولیاتی تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر ٹی سی ای بی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں سالانہ تقریباً 80 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے اور ڈیزل سے چلنے والی مائننگ گاڑیوں کو بتدریج الیکٹرک سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ بریفنگ کے مطابق بلاک ون رواں سال کے آخر تک تقریباً 40 ای وی ٹرک شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ بلاک ٹو 2028 میں گرڈ کنیکٹیویٹی کی تکمیل کے ساتھ ہی الیکٹرک گاڑیوں کا آغاز کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اس کلیدی منصوبے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ درآمدی ڈیزل میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ گھٹا کر پاور ڈویژن اس قومی وسیلے کو عوام کے لیے سستی اور پائیدار بجلی میں تبدیل کر رہا ہے۔