انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ہوبارٹ کے بیلیریو اوول میدان میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ اس گراؤنڈ پر ایک روزہ میچ جیتا اور آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔
بیلیریو اوول میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 328 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ انگلش اوپنر بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 133 رنز کی دلکش سنچری اسکور کی، جبکہ ول جیکس نے 59 رنز کی ذمہ دارانہ نصف سنچری بنائی اور ٹام بینٹن 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر کوئی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیک ایڈورڈز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اور میٹ رینشا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی اور ٹریوس ہیڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
329 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن انگلش بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 231 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے میٹ رینشا 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ ایلکس کیری نے 37 اور جیک ایڈورڈز نے 31 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی فتح میں بولرز نے کلیدی کردار ادا کیا جہاں سونی بیکر نے 4 اور لیام ڈوسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ گس ایٹکنسن اور کپتان ہیری بروک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز دو ایک سے جیت لی۔








