بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ قائمہ کمیٹی میں سابقہ حکومت کی بھنگ پالیسی کی گونج

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی میں سابقہ حکومت کی بھنگ پالیسی کی گونج سنائی دی۔
اجلاس میں بتایا گیا بھنگ ملک کا سارا قرض اتارسکتی ہے، صرف ایک بیج ہی آٹھ سے دس ڈالر کا ہے اور وزارت سائنس تو پورا سیڈ بینک بھی بنانے جا رہی ہے جس سے بھاری زرمبادلہ بھی آئے گا اور سرمایہ کاری بھی ہوگی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو سیکرٹری سائنس و ٹيکنالوجی نے بتایا اس پالیسی پر عملدرآمد سے 4 سال میں 8 ارب ڈالر حاصل کئے جاسکتے ہیں، بھنگ پالیسی سے عالمی اداروں کو کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہیمپ پالیسی کے تحت انسداد منشیات کے پروٹوکول کو فالو کیا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھاکہ عمران حکومت میں تو وفاقی کابینہ سے پالیسی منظور نہ ہوسکی اب موجودہ حکومت یہ کام فوری کر گزرے، انہوں نے کہا آخری نقطے تک ہر چیز طے ہے اب اس کو کابینہ سے منظور کروانا ہے اور اتھارٹی بنا کر اس کو چلانا ہے اس میں وقت نہ ضائع کریں، اس وقت ہمارے ملک کو فارن ایکسچینج کی ضرورت ہے۔
قائمہ کمیٹی کو اسٹیم اسکول سسٹم پر بریفنگ میں شکایت کی گئی کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نے کوٹے کے بجائے میرٹ پر بھرتیاں کیں تو اسٹيبلشمنٹ نے قواعد کے خلاف قرار دیا۔ جس پر شبلی فراز پھٹ پڑے، سارے مسائل کی وجہ ڈاکٹر عطاء الرحمان کو قرار دے دیا ۔ کہا وہ کوٹہ سسٹم کے بڑے حامی اور میرٹ کے سخت مخالف ہیں۔