بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی عدالت انصاف میں یاسین ملک کامقدمہ اٹھایا جائے،سردار عتیق کا مطالبہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردارعتیق احمد خان نےحکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان یاسین ملک کو انصاف کی فراہمی کیلئے عالمی فورمز کا دروازہ کھٹکھٹائے، اس حوالے سےعالمی عدالت انصاف میں مقدمہ اٹھایا جائے، دنیا بھر میں وفود بھیجے جائیں تاکہ یاسین ملک کے ایشو پر موثرآواز اٹھائی جا سکے، مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، آزاد جموں و کشمیر میں تیس سے پینتیس سال بعد بلدیاتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں،مسلم کانفرنس نے اپنابلدیاتی پارلیمانی بورڈ بنا دیا ہے، امید ہے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گا، واضح کیا جائے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی یاغیرجماعتی بنیادوں پر ہونگے، اگر تحریک عدم اعتماد آئی تو اس بارے ساتھ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ مسلم کانفرنس کی کور کمیٹی کرے گی۔

 

 

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صدر مسلم کانفرنس شفیق احمد جرال و دیگر پارٹی راہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک تحریک آزادی کے راہنما ءہیں،حکومت پاکستان یاسین ملک کیلئے عالمی فورمزکا دروازہ کھٹکھٹائے،عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ اٹھایا جائے،دنیا بھرمیں وفود بھیجے جائیں تاکہ یاسین ملک کے ایشو پر موثر آواز اٹھائی جاسکے،مودی سرکارکا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں تیس سے پینتیس سال بعدبلدیاتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں ،آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بائیس اگست سے پہلے پہلے بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں،مسلم کانفرنس نے اپنا بلدیاتی پارلیمانی بورڈ بنا دیا ہے،جو امیدواروں سے کاغذات لیکر جانچ پڑتال کرکے ٹکٹیں جاری کرے گا،

 

مسلم کانفرنس کےکارکنان بلدیاتی انتخابات کے لئے اپنی تیاری کریں، ہم چاہتے ہیں جماعتی سطح پر انتخابات کرائے جائیں تاہم اگر پرانے نظام حکومت کے تحت بلدیاتی انتخابات کرائےگئے تب بھی ہم تیار ہیں،امید ہے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گا واضح کیا جائے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی یاغیر جماعتی بنیادوں پر ہونگے۔سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ پہلے بھی اپوزیشن نے عدم اعتماد کی تیاری کی تھی لیکن اپنے امیدوار کا نام نہیں دیا اگر تحریک عدم اعتمادآئی تو اس بارے ساتھ دینے یا نا دینے کا فیصلہ مسلم کانفرنس کی کور کمیٹی کرے گی۔سوشل میڈیا کو بے لگام گھوڑے کی طرح استعمال نہیں کیا جا سکتا اسے روکنے کی ضرورت ہے۔