بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپر ٹیکس سے صنعتیں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں، عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کی جانب سے ’سپر ٹیکس‘ عائد کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے اس ٹیکس سے مزید مہنگائی ہوگی اور متعدد انڈسٹریاں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں اور کئی صنعتوں نے ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔
آن لائن نیوز کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے، اب اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سپر ٹیکس کی وجہ سے کارپوریٹ ٹیکس 39 فیصد پر چلا جائے گا۔
انہوں نے خطے کے دیگر ممالک سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور بنگلادیش میں کارپوریٹ ٹیکس 25 فیصد ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کئی انڈسٹریز نے لوگوں کو نکالنا شروع کردیا ہے، سپر ٹیکس کے بعد اسٹاک مارکیٹ پر منفی اثر آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی عوام مشکلات کا شکار ہیں اور تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے عوام کا معاشی قتل کیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کے ذریعے پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی طرف لے جارہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نیب ترامیم سے ملک کا مستقبل خطرے میں ہے، ان ترامیم سے چھوٹا اور بے وقوف چور پکڑا جائے گا، بڑا اور ہوشیار چور بچ جائے گا۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت ٹھیک کرنے کی ان کی کوئی تیاری نہیں تھی، ان کے ذہن میں تھا کہ کیسے این آر او لینا ہے۔
۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت کا سب سےزیادہ اثرکسانوں پرپڑے گا،تنخواہ دارطبقے پرٹیکس بڑھادیا گیا تنخواہ دارطبقےکوپہلےایک لاکھ تک چھوٹ دی گئی تھی،اب سلیب کو 50 ہزار روپے تک لے آئے ہیں،ایک لاکھ تنخواہ لینےوالے کا ٹیکس دگنا کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا تھا،ہم نےجولوگ ٹیکس دےرہےتھےان پربوجھ نہیں ڈالا،ٹیکس نہ دینےوالے 4 کروڑ 30لاکھ گھرانوں کوٹیکس نیٹ میں شامل کیا۔

عمران خان نے مہنگائی ،نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔