بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

1036 ارب روپے کی لاگت 18 نئے ڈیموں کی تعمیر جاری

اسلام آباد — قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ملک میں پانی کی قلت پر قابو پانے اور زرعی ترقی کو فروغ دینے کے لیے 18 نئے بڑے ڈیمز کی تعمیر جاری ہے جن پر مجموعی طور پر 1036 ارب روپے لاگت آئے گی۔
وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو نے ایوان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان ڈیمز کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ملک کو 82 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد پانی ذخیرہ کرنے کی اضافی صلاحیت حاصل ہوگی، جب کہ تقریباً 3 لاکھ 46 ہزار ایکڑ زمین کو قابلِ کاشت بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے تمام تر اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی ، اور ان میں سب سے نمایاں دیامر بھاشا ڈیم ہے، جو 64 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی پانی کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں اور اس وقت 77 چھوٹے ڈیمز پر کام جاری ہے، جن پر 89.243 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

معین وٹو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وفاق مزید 10 نئے ڈیمز کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ان میں چنیوٹ، اسکردو، وزیرآباد، ڈڈھنیال، اکھوڑی اور سندھ بیراج جیسے اہم منصوبے شامل ہیں، جن پر کام جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے یہ پیش رفت نہ صرف پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دے گی بلکہ مستقبل میں زرعی پیداوار اور توانائی کے شعبے کو بھی مستحکم کرے گی۔